بی جے پی رکن اسمبلی رشمی ورما کو جان کا خطرہ، ایف آئی آر درج

بپسی سے بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر کے بعد رشمی ورما بہار کی دوسری بی جے پی رکن اسمبلی ہیں جنھوں نے جان سے مارنے کی دھمکی ملنے یا جان پر خطرہ ہونے کی شکایت درج کرائی ہے۔

رشمی ورما، تصویر آئی اے این ایس
رشمی ورما، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بہار میں مغربی چمپارن ضلع کے نرکٹیا گنج سے بی جے پی رکن اسمبلی رشمی ورما نے دعویٰ کیا ہے کہ انھیں اپنے دفتر کے ایک سابق ملازم سے جان کو خطرہ ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس سلسلے میں انھوں نے پیر کے روز مغربی چمپارن کے شکارپور تھانے میں اپنے دفتر کے سابق ملازم سنجے سارنگ پوری کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔

رشمی ورما نے کہا کہ ’’میرے کنبہ کے اراکین نے سنجے کو میرے گھر کے پاس مشتبہ طور سے گھومتے ہوئے دیکھا ہے۔ وہ ایک پستول بھی لیے ہوئے تھا۔ وہ دھوکہ دہی کی سرگرمیوں میں شامل تھا، اس نے دھوکے سے میرے نقلی دستخط، پوسٹ اور نام کا استعمال دوسروں سے پیسے نکالنے کے لیے کیا۔ جب مجھے اس کی سرگرمیوں کے بارے میں پتہ چلا تو اس نے مجھے بدنام کرنے کی کوشش کی۔ اس لیے میں نے اسے برخاست کر دیا، اور اب وہ بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے۔‘‘


اس معاملے پر شکارپور تھانے کے ایس ایچ او اجئے کمار نے کہا کہ ’’ہم نے اتوار کو شکایت درج کی اور شکارپور تھانے میں سنجے سارنگ پوری کے خلاف پیر کو ایف آئی آر درج کی گئی۔ اس کے بعد معاملے میں آگے کی جانچ کی جا رہی ہے۔‘‘ واضح رہے کہ رشمی ورما حال کے دنوں میں بہار کی دوسری بی جے پی رکن اسمبلی ہیں جنھوں نے جان مارنے کی دھمکی ملنے یا جان کا خطرہ ہونے کی شکایت درج کرائی ہے۔ اس سے پہلے جمعہ کو مدھوبنی کے بپسی اسمبلی حلقہ کے ایک دیگر بی جے پی رکن اسمبلی ہری بھوشن ٹھاکر نے دعویٰ کیا کہ جمعرات کی شام کو انھیں ایک نامعلوم شخص سے جان سے مارنے کی دھمکی ملی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔