بہار انتخاب: ووٹ شماری سے قبل امیدواروں کی دھڑکنیں تیز، مندر-مزار پر حاضری
10 نومبر کو ووٹوں کی گنتی شروع ہونے والی ہے۔ اسی دن طے ہوگا کہ بہار کے اقتدار پر کون قابض ہوگا۔ اس درمیان انتخابی نتیجہ آنے سے پہلے بیشتر امیدوار بھگوان کے قدموں میں پہنچتے نظر آ رہے ہیں۔
بہار اسمبلی کی سبھی 243 سیٹوں پر تین مراحل میں پولنگ کا عمل اختتام پذیر ہو چکا ہے اور سبھی کو اب انتخابی نتائج کا انتظار ہے۔ منگل 10 نومبر کو ووٹوں کی گنتی صبح سویرے شروع ہو جائے گی۔ اسی دن شام تک طے ہو جائے گا کہ کون اگلے پانچ سالوں تک بہار کے اقتدار پر قابض ہوگا۔ اس درمیان امیدواروں کی دھڑکنیں تیز ہو گئی ہیں اور کئی امیدواروں مندروں یا مزاروں پر جا کر اپنی جیت کے لیے دعائیں کرتے ہوئے دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ویڈیو: بہار اور امریکہ کے انتخاب میں کیا ہے یکسانیت!
بہار کے بھاگلپور ضلع واقع سلطان گنج اسمبلی سیٹ سے کانگریس کے امیدوار للن کمار یادو نے پیر کو مندروں اور مزار کی چوکھٹ پر پہنچ کر جیت کی دعائیں مانگیں۔ للن صبح سب سے پہلے بھاگلپور ضلع کے مشہور اور تاریخی اجگیوی ناتھ مندر پہنچے اور بھگوان کا آشیرواد لیا۔ اس کے بعد ماتا کالی کے مندر پہنچ کر جیت کے لیے دعا کی۔ یہاں سے وہ سیدھے قاسم پور مزار پر پہنچے اور چادر چڑھا کر اپنی جیت کے لیے دعائیں مانگیں۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ للن یادو اپنی جیت کے تئیں پرامید ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’بہار کی عوام نے اس بار مہاگٹھ بندھن کو جتانے کا عزم کیا ہے۔ ایگزٹ پول کے نتائج میں یہ بات دکھائی بھی دے رہی ہے۔‘‘
دوسری طرف ارول سے بی جے پی امیدوار دیپک شرما بھی مدھوسروا پہنچے اور مدھیشور ناتھ مندر میں پوجا کی۔ دیپک مدھوسروا میں ہی سوریہ مندر بھی گئے اور بھگوان کے سامنے سر جھکا کر اپنی جیت کے لیے دعا کی۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران دیپک شرما بھی اپنی جیت کو لے کر پراعتماد نظر آئے، ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ این ڈی اے بہتر کارکردگی پیش کرنے جا رہی ہے اور اسی کے لیے بھگوان سے آشیرواد لینے وہ مندر پہنچے۔
روہتاس ضلع کے چیناری حلقہ سے کانگریس امیدوار مراری گوتم بھی انتخابی نتیجہ سے قبل پہلے مقامی لوگوں سے ملاقات کی اور پھر مندروں میں پوجا کے لیے پہنچے۔ انھوں نے کئی مقامی مندروں میں پہنچ کر پوجا کی اور جیت کے لیے دعائیں مانگیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔