بہار: رکن اسمبلی اننت سنگھ کو عدالت نے سنائی 10 سال جیل کی سزا

پٹنہ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر باڑھ تھانہ کے لدما گاؤں میں 16 اگست 2019 کو رکن اسمبلی اننت سنگھ کے آبائی گھر پر چھاپہ ماری کی تھی جس میں اے کے-47 اور 33 زندہ کارتوس برآمد ہوا تھا۔

اننت سنگھ
اننت سنگھ
user

قومی آواز بیورو

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے مکامہ علاقہ سے آر جے ڈی رکن اسمبلی اننت سنگھ کو منگل کے روز پٹنہ کی ایک عدالت نے گھر سے اے کے-47 برآمدگی معاملے میں 10 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ عدالت نے اننت سنگھ کی آبائی رہائش کے کیئر ٹیکر کو بھی دس سال کی سزا سنائی۔ پٹنہ کے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ نے 14 جون کو اس معاملے میں رکن اسمبلی کو قصوروار قرار دیا تھا اور سزا سنانے کے لیے 21 جون کی تاریخ مقرر کی تھی۔

اس سزا کے بعد اب اننت سنگھ کی اسمبلی کی رکنیت جانے کا بھی خطرہ ہے۔ حالانکہ اننت سنگھ کے وکیل نے کہا ہے کہ وہ اس سزا کے خلاف اعلیٰ عدالت میں اپیل داخل کریں گے۔ انھوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ہائی کورٹ سے ان کے موکل کو نہ صرف راحت ملے گی بلکہ انصاف بھی ملے گا۔


واضح رہے کہ پٹنہ پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر رکن اسمبلی اننت سنگھ کی آبائی رہائش باڑھ تھانہ کے لدما گاؤں میں 16 اگست 2019 کو چھاپہ ماری کی تھی۔ چھاپہ ماری میں رکن اسمبلی کے پشتینی گھر سے ممنوعہ اسلحہ اے کے-47، 33 زندہ کارتوس اور دو گرینیڈ برآمد ہوئے تھے۔ اس معاملے میں باڑھ تھانہ میں ایک ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔ رکن اسمبلی اور کیئر ٹیکر کے خلاف عدالت میں 5 نومبر 2019 کو چارج شیٹ داخل کیا گیا تھا۔

اننت سنگھ کے گھر پر یہ کارروائی لوک سبھا انتخاب کے کچھ مہینے بعد ہی ہوئی تھی۔ دراصل لوک سبھا انتخاب میں جنتا دل یو کے للن سنگھ کے خلاف مونگیر سیٹ سے اننت سنگھ کی بیوی نے انتخاب لڑا تھا۔ حالانکہ انتخاب میں للن سنگھ بھاری پڑے اور اننت سنگھ کی بیوی کی شکست ہوئی۔ اس کے کچھ مہینے بعد ہی للن سنگھ کے گھر پر پولیس کارروائی ہوئی جس کی قیادت باڑھ اے ایس پی لپی سنگھ کر رہی تھیں، جو اس وقت جنتا دل یو صدر آر سی پی سنگھ کی بیٹی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔