بہار اسمبلی انتخابات: سیمانچل کی تقدیر بدلنے کے لئے ہمیں خود میدان میں آنا ہوگا: زین العابدین
اے آئی ایم آئی ایم لیڈر زین العابدین نے سیمانچل کے بارے میں سوال کیا کہ آخر آزادی کے 73 سال بعد یہ علاقہ دوسرے علاقوں سے پسماندہ اور پچھڑا ہوا کیوں ہے، آزادی کی نعمت اس علاقے میں کیوں نہیں پہنچی؟
نئی دہلی/کشن گنج: سیمانچل کی بے بسی، نمائندوں کی بے حسی اور حکومت کے مسلسل نظر انداز کرنے کی وجہ سے یہ خطہ اب تک بدحال ہے اور اسے دور کرنے کا دعوی کرتے ہوئے کشن گنج کے ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ سے مجلس اتحاد المسلمین کے سب سے مضبوط امیدوار زین العابدین نے کہا کہ ہمیں سیمانچل کی بے بسی، بے کسی کو دور کرنے اور اس کی تصویر اور تقدیر بدلنے کے لئے ہمیں خود میدان میں آنا ہوگا۔
زین العابدین نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ سے یہ علاقہ مسلسل سیلاب کی مار جھیل رہا ہے، سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں، بہت سی جگہ پُل نہیں ہیں اور کہیں کہیں ہیں بھی تو ٹوٹے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے اس خطہ کے لوگ پریشانی میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر آزادی کے 73 سال کے بعد یہ علاقہ دوسرے علاقہ سے پسماندہ اور پچھڑا ہوا کیوں ہے، آزادی کی نعمت اس علاقے میں کیوں نہیں پہنچی، اس کا ذمہ دار کون ہے، یہاں کے عوام ہیں یا یہاں کے نمائندے ہیں جن کو ہم نے منتخب کرکے اسمبلی اور پارلیمنٹ میں بھیجا تھا تاکہ وہ ہمارے ان مسائل کو حل کرسکیں لیکن ہوا کیا۔ اس پرسیمانچل کے خطہ کے لوگوں کو غور کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کمی ہماری لیڈر شپ میں ہے اور کچھ حد تک عوام میں بھی کیوں کہ انہوں نے اپنے نمائندوں سے سوال نہیں کیے کہ ہم آخر اس قدر پچھڑے ہوئے کیوں ہیں، بغیر پل، بغیر سڑک، بغیر فیکٹری، بغیر اسپتال اور بغیر یونیورسٹی کے کیوں ہیں۔ اگر عوام نے سوال کیا ہوتا تو صورت حال دوسری ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے نمائندوں نے اپنے خاندان کی ترقی، اپنے خاندان کی تعلیم کو ہی یہاں کے عوام کی ترقی اور تعلیم سمجھتے رہے۔
زین العابدین نے کہا کہ یہاں کے عوام کو اپنا نظریہ بدلنا ہوگا اور جواب دہ نمائندوں کو منتخب کرنا ہوگا تاکہ ان سے سوال کیا جاسکے، وہ آپ کے درمیان ہوں، ان کے اندر ویژن اور وزن ہو، کام کرنے کی صلاحیت ہو، عزم ہو، حکومت کی اسکیموں اور پروجیکٹ سے واقف ہو اور حکومت کے پروجیکٹوں اور اسکیموں کو لانے کے ہنر سے واقف ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے کے لوگوں کو حساس امیدوار کو منتخب کرنا ہوگا تاکہ وہ یہاں عوام کی تکلیفوں کو سن اور سمجھ سکے۔
انہوں نے کہا کہ اگرمجلس اتحاد المسلمین نے انہیں ٹکٹ دیا اور ٹھاکر گنج کے عوام نے انہیں منتخب کیا تو وہ اس علاقے کی تصویر اور تقدیر بدلنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے لئے انہوں نے روڈمیپ بھی تیار کرلیا ہے۔ اب عوام کو طے کرنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں زین العابدین نے ٹھاکر گنج اسمبلی حلقہ کے لئے ایم آئی ایم کے ذمہ داروں کو اپنا بائیو ڈاٹا اور پروفائل سونپ دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔