بہار: نتیش کمار کے انتخابی جلسہ میں اچانک لگنے لگا 'نتیش کمار چور ہے' کا نعرہ
جلسہ میں اچانک جب ایک شخص زوردار آواز میں 'نتیش کمار چور ہے' کا نعرہ لگانے لگا تو افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ جب بار بار یہ نعرہ لگانے لگا تو پولس حرکت میں آئی اور اس شخص کو حراست میں لے لیا۔
بہار اسمبلی انتخاب کے پیش نظر سبھی سیاسی پارٹیاں انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی این ڈی اے امیدواروں کے لیے لگاتار جلسے کر رہے ہیں اور الگ الگ اسمبلی حلقوں میں پہنچ کر متعلقہ امیدوار کے حق میں ہوا بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اسی مہم کے تحت نتیش کمار پیر کے روز اورنگ آباد واقع رفیع گنج اسمبلی حلقہ پہنچے جہاں وہ این ڈی اے امیدوار کے حق میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ لیکن اچانک ایک شخص نے 'نتیش کمار چور ہے' کا نعرہ بلند کرنا شروع کر دیا جس کی وجہ سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جلسہ میں موجود ایک شخص اچانک مشتعل ہو گیا اور زور و شور سے 'نتیش کمار چور ہے' کا نعرہ لگانے لگا۔ مشتعل شخص کے اس عمل سے سبھی حیران رہ گئے اور کچھ دیر تک تو وہاں موجود پولس اور جنتا دل یو لیڈر و موجودہ رکن اسمبلی اشوک کمار سنگھ کے حامی کچھ سمجھ نہیں پائے کہ آخر معاملہ کیا ہے۔ پھر جب وہ شخص خاموش نہیں ہوا اور لگاتار 'نتیش کمار چور ہے' کی آواز بلند کرتا رہا تو پولس حرکت میں آئی اور اسے حراست میں لے لیا۔
بتایا جاتا ہے کہ جو شخص نعرہ لگا رہا تھا اس کے ہاتھ میں ایک کاغذ تھا۔ اس کاغذ پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی نظر پڑی اور انھوں نے وہاں کھڑے پولس اہلکاروں سے کہا کہ وہ پرچہ لے کر دیکھیں کہ آخر میں اس کچھ لکھا ہوا ہے یا نہیں۔ ساتھ ہی نتیش کمار نے میڈیا سے بھی اپیل کی کہ وہ کسی طرح کی جلدبازی نہ کریں تاکہ یہ پتہ کیا جا سکے کہ ہنگامہ کر رہے شخص نے اپنے ہاتھ میں جو پرچہ لے رکھا ہے وہ کیا ہے۔ حالانکہ فی الحال اس سلسلے میں کوئی جانکاری نہیں مل سکی ہے کہ پرچہ میں کیا تھا۔ بہر حال، اس ہنگامہ کی وجہ سے نتیش کمار کے جلسہ کا رنگ ضرور پھیکا پڑ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔