چھتیس گڑھ میں بی جے پی کو بڑا جھٹکا، نند کمار کانگریس میں شامل
بھارتیہ جنتا پارٹی کو چھتیس گڑھ میں اس وقت بڑا جھٹکا لگا ہے جب پارٹی کے سابق صدر نند کمار نے آج کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
رائے پور میں بی جے پی کے سابق لیڈر نند کمار نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر بھوپیش بگھیل کی موجودگی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ نند کمار کے کانگریس میں شامل ہونے پر وزیر اعلی بھوپیش بگھیل نے فیس بک پوسٹ کرکے معلومات دی۔ انہوں نے لکھا ’جڑا ہاتھ سے ہاتھ، ملا آپ کا ساتھ، قبائلی مفاد کی بات کرنے والے ڈاکٹر نند کمار کو خوش آمدید اور مبارکباد۔‘ نند کمار کے کانگریس میں شامل ہونے پر، مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ نے کہا کہ یہ ایک ٹریلر ہے۔ عوام اداس ہے، بی جے پی کے سینئر لیڈر غمزدہ ہیں۔
نند کمار نے کانگریس کے ریاستی دفتر راجیو بھون میں منعقد پروگرام میں وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، ریاستی صدر موہن مارکم کی موجودگی میں کانگریس کی رکنیت حاصل کی۔ اس موقع پر نند کمار نے کانگریس کی رکنیت کا فارم بھرا اور وزیر اعلیٰ نے انہیں سوت کا ہار پہنایا۔ اس موقع پر کانگریس کے تمام بڑے رہنما موجود تھے۔
نند کمار نے اتوار کو اپنا استعفیٰ بی جے پی کے ریاستی صدر ارون ساو کو بھیجا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے معاونین ان کے خلاف سازش کر رہے ہیں اور ان کی شبیہ کو خراب کرنے کے لیے جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں۔ نند کمارت نے کہا تھا کہ وہ اس سے دکھی ہیں۔ چھتیس گڑھ کے شمالی علاقے سے آنے والے نند کمار کئی سالوں سے بی جے پی کا اہم قبائلی چہرہ رہے ہیں۔ وہ پہلی بار 1977 میں جنتا پارٹی کے ٹکٹ پر غیر منقسم مدھیہ پردیش کی تپکارا اسمبلی سیٹ (اب جش پور ضلع میں) سے ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : سپریم کورٹ کو شادی منسوخ کرنے کا حق حاصل
وہ 1989، 1996 اور 2004 میں رائے گڑھ سے لوک سبھا کے رکن اور 2009 اور 2010 میں راجیہ سبھا کے رکن منتخب ہوئے۔ 2003-05 تک چھتیس گڑھ بی جے پی کے صدر اور 1997 سے 2000 تک مدھیہ پردیش بی جے پی کے صدر رہے۔ نومبر 2000 میں، مدھیہ پردیش سے چھتیس گڑھ ریاست کے الگ ہونے کے بعد وہ چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن کے پہلے لیڈر بنے۔ 2017 میں، وہ نیشنل کمیشن فار شیڈیولڈ ٹرائب کے چیئرمین بنے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔