اب مادری زبان میں دی جائے گی 12ویں درجہ تک کی تعلیم، سی بی ایس ای کی اہم پیش رفت، نوٹس جاری
این سی ای آر ٹی کی کتابیں علاقائی زبانوں میں دستیاب ہوں گی، گزشتہ دنوں وزارت تعلیم نے این سی ای آر ٹی کو آئین کی 8ویں شیڈول میں شامل 22 علاقائی زبانوں میں نصابی کتابوں کو تیار کرنے کہا ہے۔
سی بی ایس ای نے اپنے اسکولوں کو سرکلر جاری کر قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے مطابق کثیر لسانی تعلیمی کو فروغ دینے کے لیے تعلیم کے متبادل ذرائع کی شکل میں علاقائی زبانوں کا استعمال کرنے پر غور کرنے کو کہا ہے۔ اس سے سی بی ایس ای سے منسلک اسکولوں میں اب پری-پرائمری سے 12ویں درجہ تک علاقائی زبانوں میں تعلیم کا انتظام ہوگا۔ سی بی ایس ای نے کہا ہے کہ یہ پیش قدمی کثیر لسانی تعلیم کی بنیاد کو مزید مضبوط کرے گی۔
سی بی ایس ای کے ڈائریکٹر (تعلیم) جوسف امینوئل نے اسکولوں کو بھیجے گئے خط میں کہا ہے کہ ’’ہندوستانی زبانوں کے ذریعہ تعلیم کی پیش قدمی کے مدنظر سی بی ایس ای سے منسلک اسکول دیگر موجودہ متبادل کے علاوہ ایک متبادل ذرائع کی شکل میں ہندوستانی آئین کے شیڈول 8 میں درج 22 ہندوستانی زبانوں کو شامل کرنے پر غور کر سکتے ہیں، جو پری-پرائمری سے 12ویں درجہ تک ایک متبادل ذریعہ ہے۔‘‘ امینوئل نے کہا کہ اس کے لیے اسکول دستیاب وسائل کا پتہ لگا سکتے ہیں، شعبہ کے ماہرین سے بات کر سکتے ہیں اور اعلیٰ روایات کو شیئر کرنے کے لیے دیگر اسکولوں کے ساتھ تعاون کر سکتے ہیں۔
سی بی ایس ای کی اس پیش قدمی پر مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ٹوئٹ کر بارہویں درجہ تک ہندوستانی زبانوں میں تعلیم کا متبادل دینے کے لیے سی بی ایس ای کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انھوں نے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’اپنے سبھی اسکولوں میں پری-پرائمری سے درجہ 12ویں تک ہندوستانی زبانوں میں تعلیم کا متبادل دستیاب کرانے کے لیے سی بی ایس ای کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ این ای پی کے تصور کے مطابق یہ اسکولوں میں ہندوستانی زبان پر مبنی تعلیم کو فروغ دے گا۔ تعلیم میں بہتر نتائج کی سمت میں یہ ایک اچھی شروعات ہے۔‘‘
قومی تعلیمی پالیسی کے تحت کثیر لسانی تعلیم کو فروغ دینے کے لیے وزارت تعلیم اور نیشنل کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ اینڈ ٹریننگ (این سی ای آر ٹی) نے کئی ہندوستانی زبانوں میں تعلیم شروع کرنے کے لیے کئی اقدام کیے ہیں، جس کے بعد بورڈ نے اپنے اسکولوں کو دستیاب وسائل کا استعمال کرنے اور ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے کہا ہے۔ اس سے پہلے درجہ 6 تک کی تعلیم علاقائی زبانوں میں کرانے پر غور کیا جا رہا تھا، لیکن اسے اب 12ویں درجہ تک کی تعلیم میں اختیار کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے اسکولوں میں پڑھائی جانے والی این سی ای آر ٹی کی کتابیں بھی ہندوستان کی علاقائی زبانوں میں دستیاب ہوں گی۔ وزارت تعلیم کے مطابق ہندوستانی آئین کے 8ویں شیڈول میں شامل 22 زبانوں میں این سی ای آر ٹی کی کتابوں کو تیار کیا جائے گا۔ گزشتہ دنوں مرکزی وزیر تعلیم نے آئین کے 8ویں شیڈول میں شامل 22 زبانوں میں نصاب کی کتابوں کو تیار کرنے کے لیے کہا ہے۔ ان کتابوں کو ہندوستان کی 22 الگ الگ زبانوں میں جلد از جلد دستیاب کرائے جانے کا منصوبہ ہے۔ وزارت تعلیم کے اس اہم منصوبہ کا مقصد ملک بھر کے طلبا کو ان کی ہی علاقائی زبان میں تعلیم دستیاب کرانا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔