کمپنیوں نے بی جے پی کو دیا 144 کروڑ کا چندہ، پھر بھی مودی مانگ رہے 5-5 روپے
ملک کی کئی کمپنیوں نے اس سال بی جے پی کو 144 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے۔ اس معاملے میں کانگریس اور دیگر پارٹیاں بہت پیچھے رہ گئی ہیں۔ اس کے باوجود پی ایم مودی ایپ کے ذریعہ 5-5 روپے مانگ رہے ہیں۔
گزشتہ 23 اکتوبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک موبائل ایپ کے ذریعہ ملک کے لوگوں سے اپنی پارٹی بی جے پی کو چندہ دینے کی اپیل کی تھی۔ ٹوئٹر پر پی ایم مودی نے اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’آپ 5 روپے سے لے کر 1000 روپے تک نریندر مودی موبائل ایپ کے ذریعہ چندہ دے سکتے ہیں۔‘‘
لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک طرف تو پی ایم مودی اپنی پارٹی کے لیے 5-5 روپے کا چندہ مانگ رہے ہیں، وہیں دوسری طرف ان کی پارٹی بی جے پی کو اس سال ملک کے صنعتی گھرانوں سے زبردست چندہ ملا ہے۔ اکونومک ٹائمز کی خبر کے مطابق ملک کی 7 اہم کمپنیوں کے ایک گروپ ٹرسٹ نے مالی سال 18-2017 میں برسراقتدار بی جے پی کو 144 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے۔
یہ جانکاری کمپنی کی جانب سے چندہ دینے کے لیے بنائے گئے پروڈنٹ الیکٹورل ٹرسٹ نے ایک رپورٹ جاری کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں ان کمپنیوں نے سیاسی پارٹیوں کو کل 169 کروڑ روپے کا چندہ دیا ہے جس میں سے تنہا بی جے پی کو 144 کروڑ روپے دیا گیا۔ حالانکہ اس دوران ٹرسٹ نے کانگریس اور بیجو جنتا دل کو بھی ڈونیشن دیا ہے لیکن وہ بے حد کم ہے۔
پروڈنٹ الیکٹورل نام کے اس ٹرسٹ کو پہلے ستیہ الیکٹورل ٹرسٹ کے نام سے جانا جاتا تھا۔ ملک کی 90 فیصد کمپنیاں اسی ٹرسٹ کے ذریعہ سیاسی پارٹیوں کو چندہ دیتی ہیں۔ اس ٹرسٹ کے ذریعہ جن کمپنیوں نے ڈونیشن دیا ہے ان میں ڈی ایل ایف (52 کروڑ)، بھارتی گروپ (33 کروڑ)، شراف گروپ (22 کروڑ)، ٹورینٹ گروپ (20 کروڑ)، ڈی سی ایم شری رام (13 کروڑ)، کیڈیلا گروپ (10 کروڑ) اور ہلدیا انرجی (8 کروڑ) شامل ہیں۔ ملک میں اس وقت 22 رجسٹرڈ الیکٹورل ٹرسٹ ہیں جن میں پروڈنٹ سب سے بڑا ہے۔
وہیں اس گروپ کے ٹرسٹ نے اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کو صرف 10 کروڑ روپے دیے تھے اور بیجو جنتا دل کو 5 کروڑ روپے دیے تھے۔ اس سے پہلے ٹرسٹ نے شرومنی اکالی دل، سماج وادی پارٹی، عام آدمی پارٹی اور راشٹریہ لوک دل کو بھی ڈونیشن دیا تھا۔ یہ چندہ بی جے پی کو 18 قسطوں میں دیا گیا جب کہ کانگریس کو 4 اور بی جے ڈی کو 3 چیک کے ذریعہ چندہ کا پیسہ دیا گیا۔ خاص بات یہ ہے کہ اب تک ملک کی چھوٹی سیاسی پارٹیوں کو ڈونیشن دینے والے اس ٹرسٹ نے پہلی بار قومی سطح کی کسی پارٹی کو اتنا بڑا چندہ دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Nov 2018, 9:09 PM