مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ کے بعد ’یو پی آئی‘ سے متعلق اہم اعلان، لین دین کی حد میں اضافہ
مارکیٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کے لئے ریزرو بینک نے یہ اہم اعلان کیا ہے، لین دین کی حد بڑھانے سے یو پی آئی کا استعمال بڑھے گا اور صارفین کو آسانی ہوگی۔
ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر شکتی کانت داس نے بدھ کو یو پی آئی ’123پے‘ کے لئے فی لین دین کی حد 5000 روپئے سے بڑھا کر 10000 اور یو پی آئی لائٹ ویلیٹ کی حد 2000 سے بڑھا کر 5000 روپئے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس حد کو بڑھانے کا اہم مقصد یہ ہے کہ صارفین کے لئے ڈیجیٹل لین دین کی اہمیت کو بڑھایا جائے اور چھوٹے لین دین کے لئے یو پی آئی لائٹ ویلیٹ کے استعمال کو آسان بنایا جائے۔ یہ اہم فیصلہ ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر نے مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی میٹنگ کے بعد لیا۔
مارکیٹ سے متعلق جانکاری رکھنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینے کے لئے ریزرو بینک نے یہ اہم اعلان کیا ہے۔ لین دین کی حد بڑھانے سے یو پی آئی کا استعمال بڑھے گا اور صارفین کو آسانی ہوگی۔ کوٹک سیکورٹیز کے مطابق یہ آر بی آئی کی طرف سے صارفین کے لئے ایک بہترین فیصلہ ہے، جس کا استقبال کیا جانا چاہئے۔ اس کا اصل مقصد ڈیجیٹل لین دین کو فروغ دینا اور چھوٹے لین دین کے لئے یو پی آئی لائٹ ویلیٹ کا استعمال کرنے والوں کو مزید سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ اس سے ڈیجیٹل لین دین کی رفتار میں تیزی آئے گی۔ یو پی آئی لائٹ صارفین کو براہ راست اپنے ڈیوائس پر پیسے اسٹور کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ اس سے ہر لین دین کے لئے بینک سرور تک پہنچے بغیر پیسہ ٹرانسفر آسان طریقے سے کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ یو پی آئی 123پے فیچر فون صارفین کے لیے ایک فوری طریقہ ادائیگی ہے جو محفوظ طریقے سے یونیفائیڈ پیمنٹ انٹرفیس کا استعمال کر سکتے ہیں۔ یو پی آئی 123پے کے ذریعے، فیچر فون صارفین آئی وی آر (انٹرایکٹو وائس رسپانس) نمبر پر کال کر کے بھی آسانی سے لین دین کرسکتے ہیں۔ یہ سہولت اب 12 مختلف زبانوں میں دستیاب ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔