رافیل معاملہ: الیکشن سے پہلے مودی حکومت کو لگا جھٹکا، سپریم کورٹ سماعت کے لیے تیار

مودی حکومت کی دلیلوں کو خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ رافیل معاملہ میں وزارت دفاع سے فوٹو کاپی کیے گئے خفیہ دستاویزات کی جانچ کی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

متنازعہ رافیل معاہدہ سے متعلق مودی حکومت کو سپریم کورٹ سے آج بہت بڑا جھٹکا لگا ہے۔ عدالت نے ریویو پٹیشن پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی سماعت میرٹ کی بنیاد پر کرے گا۔ سپریم کورٹ نے 10 اپریل کو ہوئی سماعت کے دوران مرکزی حکومت کے ان ابتدائی اعتراضات کو خارج کر دیا جس میں حکومت نے عرضی کے ساتھ لگائے گئے دستاویزوں پر خصوصی اختیار بتایا تھا۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ رافیل معاملہ میں وزارت دفاع سے فوٹو کاپی کیے گئے خفیہ دستاویزات کی جانچ کی جائے گی۔ مرکزی حکومت نے اپنی بات رکھتے ہوئے کہا تھا کہ خفیہ دستاویزات کی فوٹو کاپی یا چوری کی کاپی پر عدالت بھروسہ نہیں کر سکتا۔ بہر حال، یہ فیصلہ سپریم کورٹ کے تین ججوں کی بنچ نے اتفاق رائے سے سنایا ہے۔

قابل غور ہے کہ مودی حکومت کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جو دستاویز عرضی کے ساتھ دیئے گئے ہیں، وہ غلط طریقے سے وزارت دفاع سے حاصل کیے گئے ہیں، ان دستاویزوں پر عدالت بھروسہ نہیں کر سکتا۔ لیکن عرضی دہندہ ارون شوری نے رافیل پر از سر نو غور کی عرضی داخل کرتے ہوئے معاملے میں سماعت کی بات کہی تھی۔ اب جب کہ عدالت نے سماعت کے لیے راستہ ہموار کر دی ہے تو ارون شوری نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہم دستاویزوں کی قبولیت سے متعلق مرکزی حکومت کی دلیلوں کو اتفاق رائے سے عدالت کے ذریعہ خارج کیے جانے کے حکم سے خوش ہیں۔‘‘

عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد کانگریس نے بھی اس پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے اور اس نے رافیل معاہدہ پر سماعت کیے جانے کے حکم کو ’ہندوستان کی فتح‘ قرار دیا ہے۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل پر اس تعلق سے لکھا ہے کہ ’’یہ ہندوستان کی فتح ہے۔ رافیل سے متعلق از سر نو غور کی عرضی پر سپریم کورٹ کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ کا ہم استقبال کرتے ہیں۔ ستیہ میو جیتے۔‘‘ اس ٹوئٹ کے ساتھ کانگریس نے اے این آئی کا وہ ٹوئٹ شیئر کیا ہے جس میں سپریم کورٹ کے ذریعہ رافیل معاملہ کی سماعت کی خبر دی گئی ہے۔

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے بھی سپریم کورٹ کے ذریعہ مودی حکومت کو دیئے گئے جھٹکے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر اس تعلق سے لکھا ہے کہ ’’مودی جی ہر جگہ کہہ رہے تھے کہ سپریم کورٹ سے رافیل میں کلین چٹ ملی ہے۔ آج کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہو گیا کہ مودی جی نے رافیل میں چوری کی ہے، ملک کی فوج سے دھوکہ کیا ہے اور اپنا جرم چھپانے کے لیے سپریم کورٹ کو گمراہ کیا۔‘‘

واضح رہے کہ سابق وزیر مالیات یشونت سنہا، صحافی سے لیڈر بنے ارون شوری اور وکیل پرشانت بھوشن کی طرف سے ریویو پٹیشن داخل کی گئی تھی جس کو خارج کرنے کا مطالبہ مودی حکومت نے کیا تھا۔ مودی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ 14 دسمبر 2018 کے عدالتی فیصلے پر ریویو کے لیے دیئے گئے دستاویزوں پر اس کا خصوصی اختیار ہے۔ سرکار نے کہا تھا کہ عرضی کی سماعت کے لیے ان دستاویزوں پر عدالت توجہ نہ دے۔ عرضی دہندگان میں سے ایک پرشانت بھوشن نے اس سے قبل اٹارنی جنرل کے دعووں کو غلط ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ خصوصی اختیار کا دعویٰ ان دستاویزوں پر نہیں کیا جا سکتا جو پہلے سے ہی پبلک ڈومین میں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ انڈین پروو ایکٹ کی دفعہ 123 صرف ’غیر شائع دستاویزوں‘ کا تحفظ کرتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔