’بھائی دوج‘ پر کیجریوال نے خواتین کو دیا تحفہ، 29 اکتوبر سے مفت بس سفر کا اعلان
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ 29 اکتوبر سے خواتین ڈی ٹی سی اور کلسٹر بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی اور ساتھ ہی ان کی حفاظت کے لیے 13 ہزار مارشل بھی تعینات ہوں گے۔
دہلی کی خواتین کے لیے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے ایک بڑا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے 29 اکتوبر سے خواتین کے لیے بس میں مفت سفر کا انتظام کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ان کی سیکورٹی کے لیے 13 ہزار مارشل بھی بس میں تعینات کرنے کی خوشخبری وزیر اعلیٰ نے دی ہے۔ انھوں نے 28 اکتوبر کو ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’’اب دہلی کی سبھی بسوں میں خواتین کی سیکورٹی کے لیے مارشل کی تعیناتی ہوگی۔ یہ تعیناتی منگل سے ہی شروع ہو جائے گی۔‘‘ ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ فی الحال اگلے سال مارچ تک کےلئے عمل میں رہے گا۔
پریس کانفرنس میں اروند کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ ’’بھائی دوج کے دن یعنی منگل سے ہی دہلی کی سبھی بسوں میں خواتین کے لیے مفت سفر کی شروعات ہونے جا رہی ہے، اس لیے 6 ہزار اضافی مارشل کل سے ہی کام پر لگ جائیں گے۔‘‘ کیجریوال نے پیر کے روز ان مارشلوں کے ٹریننگ پروگرام کو ہری جھنڈی بھی دکھائی۔ دہلی میں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور اس کے پیش نظر اروند کیجریوال کے قدم کو بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان کے اس قدم سے خواتین کافی خوش ہیں جس کا فائدہ انھیں انتخاب میں مل سکتا ہے۔
وزیراعلی اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ڈی ٹی سی اور کسلٹر بسوں میں سفر کرنے والے کل مسافروں میں خواتین کی تعداد ایک تہائی ہوتی ہے اور حکومت کے اس فیصلے سے ان سبھی کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کےلئے گلابی رنگ کا پاس لینا ہوگا ۔یہ پاس بس کنڈکٹر سے ہی حاصل کیا جاسکتا ہے۔خواتین مسافروں کو پاس کےلئے کوئی ادائیگی نہیں کرنی ہوگی۔یہ پاس دہلی اور قومی دارالحکومت خطے(این سی آر)میں چلنے والی ڈی ٹی سی کی ایئرکنڈیشن اور غیر ایئر کنڈیشن بسوں کے علاوہ کلسٹر بسوں میں بھی حاصل کیا جاسکتاہے۔
وزیراعلی نے اس دوران یہ بھی بتایا کہ بس میں مفت سفر کےلئے خواتین کا دہلی کی شہری ہونا بھی ضروری نہیں ہے۔ خواتین مسافروں کو مفت میں سفر کرنے کےلئے ڈی ٹی سی کو خسارہ نہ ہو اس کےلئے دہلی حکومت اس پاس کے عوض میں دس روپے کی ادائیگی کرےگی۔منصوبے کے تحت روزانہ دس لاکھ گلابی پاس جاری کیے جائیں گے۔ڈی ٹی سی کے بیڑے میں تقریباً 3800بسیں ہیں جبکہ کلسٹر سروس کے تحت 1600سے زیادہ بسیں سروس میں ہیں۔ڈی ٹی سی میں روزانہ اوسطاً 31 لاکھ اور کلسٹر بسوں میں 12لاکھ مسافر سفر کرتے ہیں، جس میں سے تقریباً ایک تہائی خواتین مسافر ہیں۔
اروند کیجریوال نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے گزشتہ کچھ سالوں میں دہلی میں کیے گئے کاموں کا تذکرہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’پچھلے کچھ سالوں میں دہلی میں جو کام ہوئے ہیں، اس سے دہلی کے لوگ فخر محسوس کر رہے ہیں۔ میں دہلی کا وزیر اعلیٰ ہونے کے ناطے بڑے بیٹے کی طرح ہوں۔ بطور بڑا بیٹا میری ذمہ داری ہے کہ میں ان کا خیال رکھوں۔ میری ذمہ داری ہے کہ بجلی مفت دوں، بزرگوں کو تیرتھ یاترا کرواؤں، بڑے بیٹے ہونے کے ناطے ماں-بہن کی حفاظت کرنا میری ذمہ داری ہے۔‘‘ اس موقع پر مارشل سے مخاطب ہوتے ہوئے کیجریوال نے کہا کہ ’’ آج میں یہ ذمہ داری کا کام آپ کو (مارشل کو) دے رہا ہوں۔ جو خواتین کے ساتھ بدمعاشی کرے اسے چھوڑنا مت۔ بس میں بیٹھی خواتین کو لگنا چاہیے کہ میرا بھائی یا بہن بس میں موجود ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔