لال قلعہ کی فصیل سے پی ایم مودی نے کیا بڑا اعلان، اَب تینوں افواج کا ہوگا ایک ’چیف‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے 73ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے ایک بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ہندوستان کی تینوں افواج کا ایک سربراہ ہوگا جسے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کہا جائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان کی تینوں فوجوں کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے کی سمت میں اہم فیصلہ لیتے ہوئے مودی حکومت نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف کی تقرری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج 73 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے اس کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ تینوں افواج کو ایک کمانڈ کے نیچے لانے سے متعلق باتیں کئی بار ہوئیں اور اس فیصلہ کا طویل عرصہ سےانتظار کیا جا رہا تھا۔

پی ایم مودی نے لال قلعہ پر ہندوستانی پرچم لہرانے کے بعد عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مختلف فوجی ضرورتوں کو دیکھتے ہوئے چیف آف ڈیفنس اسٹاف عہدہ ضروری ہے۔ اس ضرورت کے پیش نظر جلد ہی یہ انتظام کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تینوں فوجوں کو ایک قیادت ملے گی اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے نیچے تینوں افواج مل کر مہمات کو انجام دیں گی۔


وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ اس سے تینوں فوجوں میں تال میل بڑھے گی اور وہ کامیابی کے ساتھ دفاعی تیاریوں کو منظم کر سکیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ وزارت دفاع میں اس سسٹم کو نافذ کرنے کے لئے طویل عرصہ سے غور و خوض چل رہا تھا۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ حکومت افواج کی تمام ضرورتوں کو پورا کرنے کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 15 Aug 2019, 10:10 AM