راجستھان: 17 عقیدتمند چنبل ندی میں ڈوبے، 2 عقیدتمندوں کی موت اور 6 لاپتہ، 9 کو بحفاظت باہر نکالا گیا
عقیدتمند مدھیہ پردیش سے کیلا دیوی کا دَرشن کرنے جا رہے تھے، غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف کی مدد سے ریسکیو آپریشن چل رہا ہے، معاملہ کرولی ضلع کے منڈرائل تھانہ علاقہ کے رودھئی گھاٹ کا ہے۔
راجستھان کے کرولی میں چنبل ندی پر بڑا حادثہ سرزد ہوا ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق چنبل ندی پار کرتے وقت 17 عقیدتمند اس میں ڈوب گئے۔ دو لوگوں کی لاشیں اب تک برآمد ہو چکی ہیں جبکہ چھ عقیدتمند اب بھی لاپتہ بتائے جا رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ عقیدتمند مدھیہ پردیش سے کیلا دیوی کا دَرشن کرنے جا رہے تھے۔ غوطہ خوروں اور ایس ڈی آر ایف کی مدد سے ریسکیو آپریشن چل رہا ہے۔
معاملہ کرولی ضلع کے منڈرائل تھانہ علاقہ واقع رودھئی گھاٹ کا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈوبنے والے 9 عقیدتمندوں کو بہ حفاظت ندی سے باہر نکالا جا چکا ہے۔ ندی سے زندہ نکالے گئے کچھ لوگوں کی حالت خراب بھی بتائی جا رہی ہے، لیکن وہ خطرے سے باہر ہیں۔
ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا جا رہا ہے کہ چنبل ندی میں پانی بہت زیادہ تھا۔ جب عقیدتمند ندی کو پار کر رہے تھے تو کچھ لوگ پانی میں بہنے لگے۔ سبھی عقیدتمند ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کرنے لگے اور پھر بہتے ہی چلے گئے۔ جب ان لوگوں کا شور مقامی لوگوں نے سنا تو بھاگتے ہوئے پہنچے اور کافی مشقت کے بعد کچھ لوگوں کو زندہ بچا لیا۔ باقی لوگوں کی تلاش اب بھی جاری ہے۔
اس واقعہ کی خبر ملتے ہی کرولی ضلع کلکٹر انکت کمار سنگھ، ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ انتظامیہ نے راحت و بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ جہاں پر یہ حادثہ پیش آیا وہ دور کا علاقہ ہے اس وجہ سے مسافروں کو وقت پر بچانے میں پریشانی ہوئی۔ بہرحال، ایس ڈی آر ایف کی ٹیم بھی جائے حادثہ کے لیے روانہ ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ 19 مارچ سے کیلا دیوی کا میلہ شروع ہو رہا ہے۔ اس کے لیے پیدل مسافر گزشتہ ایک ہفتے سے کیلا دیوی کے دَرشن کے لیے پہنچ رہے ہیں۔ مدھیہ پردیش سے بڑی تعداد میں عقیدتمند اس میلہ میں پہنچتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔