اتراکھنڈ کے گوری کُنڈ میں پھر بڑا حادثہ، لینڈ سلائڈنگ کی زد میں آنے سے دو بچوں کی موت، ایک زخمی
اتراکھنڈ کے گوری کُنڈ میں لینڈ سلائڈنگ کی زد میں آنے سے تین بچے ملبہ میں دب گئے، اس حادثہ میں دو بچوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ ایک بچہ زخمی ہوا ہے، زخمی بچے کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
اتراکھنڈ میں کئی علاقوں میں شدید بارش کے درمیان حادثات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ رودرپریاگ ضلع کے گوری کُنڈ میں لینڈ سلائڈنگ کے بعد لاپتہ 23 لوگوں کا ابھی تک سراغ نہیں مل سکا ہے، اور اب ایک نئے حادثہ کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گوری کُنڈ میں لینڈ سلائڈنگ کی زد میں آنے سے 3 بچے ملبہ میں دب گئے۔ اس حادثہ میں دو بچوں کی موت ہو گئی ہے، جبکہ ایک دیگر بچہ زخمی ہوا ہے۔ زخمی بچے کا اسپتال میں علاج چل رہا ہے۔
ضلع ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسر نندن سنگھ رجوار نے بتایا کہ گوری کنڈ کے ایک گاؤں میں ایک نیپالی کنبہ کے ملبہ کی زد میں آنے کے سبب تین بچوں کے دبنے کی خبر ملی ہے۔ راحت بچاؤ ٹیم نے موقع پر پہنچ کر ایک بچی کو بحفاظت اور دو دیگر بچوں کو گوری کُنڈ اسپتال پہنچایا۔
نندن سنگھ نے بتایا کہ اس حادثہ میں تین بچوں کے دبنے کی خبر ہے جس میں بڑی لڑکی سویٹی (8 سال)، چھوٹی لڑکی پنکی (5 سال) اور ایک چھوٹا بچہ ملبہ میں دب گیا۔ ان کو اسپتال پہنچایا گیا جن میں سے سویٹی فی الحال باحیات ہے اور اس کا علاج ہو رہا ہے۔ دو دیگر بچوں کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ بچوں کے والد ستیہ راج اپنے گاؤں نیپال میں ہیں جبکہ ماں جانکی بچوں کے ساتھ ہی ڈیرے میں سو رہی تھی۔ جانکی ملبہ آنے کے بعد ڈیرے سے باہر حفاظت کے ساتھ نکل گئی، جبکہ بچے ملبہ میں دبے رہ گئے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔