بھوپال: نقلی نوٹ بنانے والے گروہ کا پردہ فاش، جھانسہ دے کر شخص کو 5 لاکھ 60 ہزار روپے کا چونا لگایا

کانچ کی پلیٹ اور کیمیکل کی مدد سے نقلی نوٹ تیار کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بھوپال پولیس کرائم برانچ نے اس معاملے میں 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔

نقلی نوٹ
نقلی نوٹ
user

قومی آواز بیورو

 مدھیہ پردیش میں نقلی نوٹ بنانے والے ایک گروہ کا پردہ فاش ہوا ہے۔ بھوپال پولیس کرائم برانچ نے اس معاملے میں 2 ملزمین کو گرفتار کرلیا ہے۔ افسران نے بتایا کہ ملزمین نہ صرف نقلی نوٹ بنانے کا کام کرتے تھے بلکہ انہوں نے نقلی نوٹ بنانے کا جھانسہ دے کر ایک شخص سے 5 لاکھ 60 ہزار روپے کی ٹھگی کرنے کے معاملے کو بھی انجام دیا تھا۔

معاملہ یہ ہے کہ تھانہ کرائم برانچ بھوپال کے دفتر میں راج کمار مہرہ نامی ایک شخص نے شکایت درج کرائی تھی۔ اس میں انہوں نے کہا تھا کہ 15 دن پہلے ان کے ایک جان پہچان والے شخص نے بتایا کہ کچھ لوگ ہیں جو نقلی نوٹ بناتے ہیں اور وہ بالکل اصلی کی طرح لگتے ہیں۔ اس نے بتایا کہ کانچ کی پلیٹ اور کیمیکل کی مدد سے یہ نوٹ تیار کئے جاتے ہیں۔ کیمیکل کلر سیاہی 7 لاکھ روپے کی آتی ہے جس سے 20 لاکھ نوٹ تیار ہوتا ہے۔


راج کمار نے بتایا کہ وہ اس واقف کی باتوں میں آ گیا اور اس کے ساتھ ایک شخص کے فلیٹ پر چلا گیا۔ اس کے بعد وہاں تین لوگ اور آئے۔ انہوں نے بیگ سے سیاہی، سفید کاغذ سمیت دیگر سامان نکالا۔ اس کے بعد نوٹ تیار کیے۔ اس کے بعد اس واقف نے راج کمار کو یہ نوٹ دے کر بولا کہ جاؤ کہیں سے بھی دکان پر چلا کر دیکھ لو۔ راج کمار نے بتایا کہ باہر آکر میں نے ان نوٹوں سے 300 روپے کا پٹرول بھروایا اور باقی بچے 600 روپے سے پھل اور کِرانے کا سامان خریدا اور فلیٹ پر آ گیا۔

راج کمار نے آگے مزید جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ فلیٹ پر پہنچے تو تینوں نے مجھ سے 260000 روپے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاغذ لانا پڑے گا۔ میں نے ان لوگوں کو پیسے دے دیئے۔ راج کمار نے کہا کہ جب دو دن بعد میں فلیٹ پر پہنچا تو ان لوگوں نے کہا کہ غلطی سے سیاہی گر گئی۔ بغیر اس کے نوٹ نہیں بن سکتے ہیں۔ ان لوگوں نے پھر مجھ سے 7 لاکھ روپے کا انتظام کرنے کو بولا، جب میں نے کہا کہ میرے پاس اتنے پیسے نہیں ہیں تو انہوں نے 4 لاکھ روپے انتظام کرنے کی بات کہی۔ اس کے بعد میں نے تین لاکھ روپے رکھے تھے وہ بھی دے دیا۔ ان لوگوں نے کہا کہ 4 دن بعد سیاہی آئے گی۔ راج کمار نے بتایا کہ پیسے دیئے 10 دن گزر گئے ہیں لیکن اب تک کوئی نہیں آیا۔


راج کمار کی شکایت کے بعد کرائم برانچ نے جانچ شروع کی۔ اِنپٹ کے بعد ملزمین کو پکڑ لیا گیا۔ پوچھ تاچھ میں انہوں نے اپنا جرم قبول کرلیا اور بتایا کہ وہ کیسے نقلی نوٹ بناتے تھے اور اس کے نام پر ٹھگی کرتے تھے۔ کرائم برانچ نے ملزمین کے پاس سے نقلی نوٹ بنانے کی اشیاء بھی برآمد کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔