بھومی پوجن: ہنومان گڑھی میں ہے مہمانوں کے ٹھہرنے کا انتظام، رام دیو بھی پہنچے ایودھیا

ہنومان گڑھی احاطہ دراصل شری رام جنم بھومی احاطہ سے قریب ہے اور مہمانوں کو بھومی پوجن کے لیے وہاں پہنچنے میں کسی طرح کی دقت نہیں ہوگی۔

بابا رام دیو، تصویر ٹوئٹر
بابا رام دیو، تصویر ٹوئٹر
user

تنویر

اتر پردیش واقع ایودھیا میں رام مندر تعمیر کو لے کر جشن کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ پورا ایودھیا سج دھج کر تیار ہے اور جگہ جگہ مصوری کا بھی بہترین نمونہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 5 اگست کو بھومی پوجن پروگرام ہونے والا ہے اور اس کو لے کر سبھی طرح کی تیاریاں بھی مکمل ہو گئی ہیں۔ بھومی پوجن میں شرکت کے لیے انتہائی چنندہ لوگوں کو مدعو کیا گیا ہے جن کی آمد کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے مہمانوں کے لیے ایودھیا واقع ہنومان گڑھی احاطہ میں رہنے کا انتظام کیا گیا ہے۔

ہنومان گڑھی احاطہ دراصل شری رام جنم بھومی احاطہ سے قریب ہے اور مہمانوں کو بھومی پوجن کے لیے وہاں پہنچنے میں کسی طرح کی دقت نہیں ہوگی۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق ہنومان گڑھی احاطہ میں یوگ گرو بابا رام دیو بھی پہنچ چکے ہیں۔ ایودھیا پہنچنے پر پتنجلی یوگ پیٹھ کے کارکنان نے بابا رام دیو کا استقبال کیا۔ یہاں سے وہ ہنومان گڑھی احاطہ پہنچے۔


واضح رہے کہ 5 اگست کو ایودھیا میں رام مندر تعمیر کے لیے بھومی پوجن تقریب کا انعقاد ہوگا۔ یہاں پی ایم مودی کے ہاتھوں سے رام مندر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ اس بھومی پوجن میں شرکت کے لیے کم و بیش 200 لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا، لیکن کچھ شخصیات نے مختلف وجوہات کی بنا پر نہ شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ بھومی پوجن میں شرکت نہ کرنے والے اہم ناموں میں ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی شامل ہیں جو اپنی بڑھتی عمر اور کورونا کے پھیلتے اثرات کے پیش نظر ایودھیا نہیں پہنچ رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Aug 2020, 4:58 PM