بھیما کورے گاوں معاملہ: ورا ورا راؤ کی مستقل درخواست کی ضمانت سپریم کورٹ سے منظور
سال 2018 میں بھیما کورے گاوں معاملہ میں ملزم بنائے گئے جہدکار و شاعر ورا ورا راؤ کی مستقل درخواست ضمانت بدھ کے روز سپریم کورٹ نے منظور کر لی
حیدرآباد: سال 2018 میں بھیما کورے گاوں معاملہ میں ملزم بنائے گئے جہدکار و شاعر ورا ورا راؤ کی مستقل درخواست ضمانت بدھ کے روز سپریم کورٹ نے منظور کر لی۔ عدالت عظمی نے ان کی درخواست ضمانت کو طبی بنیادوں پر منظور کیا۔ راؤ نے بامبے ہائی کورٹ سے اپیل خارج کئے جانے کے بعد اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔ 83 سالہ راؤ طبی بنیادوں پر ضمانت پر ہیں اور انہیں گزشتہ مہینے خود سپردگی کرنی تھی۔
ورا ورا راؤ کے خلاف پونے کے وشرام باغ پولیس اسٹیشن میں جنوری 2018 میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آردرج کی گئی تھی، جبکہ حیدرآباد میں واقع ان کے مکان سے اگست 2018 میں گرفتار کیا گیا تھا۔ راؤ کو ابتدا میں گھر پر نظربند کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں نومبر 2018 میں ان کو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا تھا اور بعد ازاں تلوجی جیل منتقل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ یہ معاملہ 31 دسمبر 2017 کو پونے میں منعقدہ ایلگار پریشد کے پروگرام میں مبینہ طور پر اشتعال انگیز تقریر کرنے سے متعلق ہے۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ اس تقریر کی وجہ سے اگلے دن بھیما-کورےگاؤں میں تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ پولس کا دعویٰ ہے کہ جن لوگوں نے اس تقریب کو منعقد کیا ان کے ماؤنوازوں سے روابط ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔