کیرانہ میں تبسم حسن کو ووٹ دے کر بی جے پی سے انتقام لیں: بھیم آرمی
بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر راون نے جیل سے تحریر شدہ خط میں بی جے پی پر دلتوں کے خلاف استحصال کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور ملک کے مفاد میں اتحادی امیدوار تبسم حسن کو فتحیاب کرنے کی اپیل کی ہے۔
سہارنپور: کیرانہ ضمنی انتخاب اب کوئی معمولی لوک سبھا چناؤ نہیں رہ گیا ہے بلکہ سیکولر جماعتوں کی تجربہ گاہ میں تبدیل ہو گیا ہے۔ تقریباً تمام حزب اختلاف کی جماعتیں یہاں بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر چناؤ لڑ رہی ہیں اور پُرجوش نظر آ رہی ہیں۔ کیرنہ میں اتحاد خیمہ اس وقت مزید مضبوط ہو گیا جب مغربی اتر پردیش کے دلتوں میں اثر رکھنے والی بھیم آرمی نے اتحاد کی مشترکہ امیدوار تبسم حسن کو اپنی حمایت دے دی۔ بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر راون نے اس ضمن میں جیل سے ایک خط جاری کیا ہے۔
جیل سے تحریر شدہ خط میں چندر شیکھر راون نے بی جے پی کی مرکزی اور ریاستی حکومت پر دلتوں کے خلاف استحصال کرنے اور ان کی کوئی سنوائی نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ملک کے مفاد میں بی جے پی کو شکست فاش دینے کی اپیل کی ہے۔ خط کے ذریعے انہوں نے اپنے سماج اور کارکنان سے اپیل کی ہے کہ وہ پوری توانائی کے ساتھ اتحادی امیدوار تبسم حسن کو فتحیاب بنانے کے لئے ووٹ کریں۔
خیال رہے کہ تبسم حسن کیرانہ میں آر ایل ڈی (راشٹریہ لوک دل) کے نشان پر چناؤ لڑ رہی ہیں جنہیں تمام بی جے پی مخالف سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ تبسم حسن آنجہانی منور حسن کی بیوی ہیں اور ان کے صاحبزادے ناہید حسن سماجوادی پارٹی سے رکن اسمبلی ہیں۔ کیرانہ لوک سبھا حلقہ انتخاب میں تقریباً ڈھائی لاکھ دلت ووٹر ہیں۔
کرناٹک میں جے ڈی ایس کے رہنما کماراسوامی کی حلف برداری تقریب کے دوران تمام حزب اختلاف ایک پلیٹ فارم پر نظر آیا تھا، جس کا اثر کیرانہ میں بھی نظر آ رہا ہے۔ گزشتہ روز تبسم حسن کے دیور کنور حسن آپسی نا اتفاقیوں کو درکنار کرتے ہوئے تبسم کے ساتھ آ گئے تھے اور یہ واقعہ بھی اتحادی امیدوار کے لئے راحت والا تھا۔
بھیم آرمی کے کیرانہ شہر صدر پروین گوتم نے ’قومی آواز‘ سے گفتگو کے دوران کہا کہ اب تبسم حسن کی جیت کے لئے دلتوں میں گھر گھر جاکر تشہیر کی جائے گی۔ پروین گوتم نے کہا ’’دلت سماج پر بی جے پی حکومت کے ظلم و ستم بڑھتے جا رہے ہیں، اس لئے کیرانہ سے بی جے پی امیدوار کی ہار ایک بڑا پیغام ہوگا۔ اب بھائی (چندرشیکھر) کی طرف سے حکم جاری ہو گیا ہے، جس کا ہم انتظار کر رہے تھے۔‘‘
چندر شیکھر راون نے خط میں کیا لکھا ہے؟
تبسم حسن کی حمایت کے لئے چندر شیکھرراون نے جو خط تحریر کیا ہے اس میں انہوں نے لکھا ہے، ’’میں ذاتی طور سے عظیم اتحاد کی امیدوار کی حمایت کرتا ہوں اور بہوجن (دلت) سماج سے یہ اپیل کرتا ہوں کہ متحد ہو کر اتحادی امیدوار کو جتانے کے لئے کام کریں۔ امید ہے کہ آپ سبھی اس میں تعاون کریں گے۔‘‘ چندر شیکھر کے خط میں ملک بھر میں دلتوں کے خلاف کئے جا رہے مظالم کا انتقام ووٹ سے لینے کی اپیل کی ہے۔
پروین گوتم کے مطابق چندر شیکھر سے حکم ملنے کے بعد کارکنان اپنے کام میں جٹ گئے ہیں۔ پہلے چندر شیکھر راون کے بھی کیرانہ سے انتخاب لڑنے کا چرچہ عام تھا جس کی بعد میں تردید کر دی گئی۔ کیرانہ لوک سبھا میں سہارنپور ضلع کے دو اسمبلی حلقے انتخاب نکوڑ اور گنگوہ شامل ہیں اور ان دونوں ہی حلقوں میں بھیم آرمی کا کافی اثر ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 May 2018, 8:49 AM