بھیم آرمی سربراہ چندر شیکھر کی مولانا ارشد مدنی سے ملاقات، سیاسی ہلچل عروج پر

تقریباً ڈیڑھ سال جیل میں گزارنے کے بعد گزشتہ ہفتے جیل سے رہائی کے بعد چندر شیکھر مسلسل بی جے پی کو نشانہ بنارہے ہیں اور عام انتخابات میں بی جے پی کو زبردست شکست دینے کا عزم بھی ظاہر کر چکے ہیں۔

تصویر ایم افسر
تصویر ایم افسر
user

عارف عثمانی

دیوبند: جیل سے رہائی کے بعدبھیم آرمی کے بانی چندر شیکھر آزاد نے آج دیوبند پہنچ کر جمعیۃ علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران چندر شیکھر آزاد میڈیا کے سوالات سے پوری طرح بچتے نظر آئے، لیکن انہوں نے یہ ضرور کہاکہ تمام دبے کچلے طبقات کو ایک ساتھ لانا اور انہیں متحد کرنا ان کا مقصد ہے اور اسی کے تحت وہ یہاں آئے ہیں۔ اس ملاقات کے بعد سیاست گرما گئی ہے اور لوگ الگ الگ طرح کی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں۔ چونکہ چندر شیکھر آزاد نے ایک طرح سے بی جے پی کے خلاف جنگ کا اعلان کر رکھا ہے، اس لیے ارشد مدنی سے ان کی ملاقات کو کافی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

راسوکا کے تحت تقریباً ڈیڑھ سال جیل میں گزارنے کے بعد گزشتہ ہفتے جیل سے رہائی کے بعد چندر شیکھر آزاد مسلسل بی جے پی کو نشانہ بنارہے ہیں اوروہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کو زبردست شکست دینے کے عزم کا اظہار پہلے بھی کر چکے ہیں۔ اپنے اس مقصد کے حصول کے لئے وہ مہاگٹھ بندھن کی مکمل حمایت کرنے کا بھی ذہن بنا چکے ہیں اور بی جے پی کے خلاف پورے ملک میں مہم چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ مولاارشد مدنی سے چندر شیکھر کی ملاقات کو بھی آئندہ لوک سبھا انتخابات سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔

ارشد مدنی سے ملاقات کے بعد چندر شیکھر پوری طرح میڈیا سے بچتے ہوئے دکھائی دیے۔ جب میڈیا والوں نے ان سے یہ پوچھا کہ مایاوتی نے ان سے کسی بھی طرح کے رشتہ سے منع کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ان کی کیا رائے ہے، تو وہ کسی بھی طرح کا جواب دینے سے پرہیز کرتے ہوئے نظر آئے۔ چھٹمل پوری میں دلت اور مسلمانوں کے درمیان کسی بات کو لے کر ہوئی مارپیٹ کو انہوں نے خاندانی معاملہ بتایا اور کہا کہ دلت-دلت ﻻاہ آپس میں لڑتے ہیں اور یہ معاملہ بھی اسی طرح کا ہے۔

اپنے مقاصد کے بارے میں میڈیا کو چندر شیکھر آزاد نے بتایا کہ ’’ہمارا مقصد دبے ،کچلے تمام طبقات کو متحد کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت مذہبی و سماجی رہنماؤں سے ملاقات کی جارہی ہے۔‘‘ بند کمرہ میں نصف گھنٹے مولانا ارشد مدنی اورچندر شیکھر آزاد کے درمیان بات چیت ہوئی، لیکن کس طرح کی بات چیت ہوئی، اس سلسلے میں کچھ بھی انھوں نے نہیں بتایا۔ کچھ ذرائع کا کہناہے کہ چندر شیکھر آزاد نے مولانا ارشد مدنی سے ملک کے موجودہ حالات اور آئندہ لوک سبھا انتخابات پر بات چیت ہوئی اور ساتھ ہی بھیم آرمی سربراہ نے دہلی میں منعقد ہونے والے بھیم آرمی کے اجلاس میں مولانا کو شرکت کے لئے دعوت دی ہے۔

دیوبند میں ہوئی اس ملاقات کے سیاسی حلقوں میں کئی معنی نکالے جارہے ہیں ۔ اس دوران حالانکہ چند رشیکھر آزاد اور مولانا سید ارشد مدنی میڈیا سے کچھ بھی کہنے سے بچتے رہے لیکن میڈیا میں یہ ملاقات سرخیوں میں ہے۔ ویسے تو اس ملاقات کی خبر میڈیا میں پہلے سے ہی تھی اور امید کی جا رہی تھی کہ ملاقات کے دوران ہوئی باتیں سامنے آئیں گی، لیکن حقیقت یہی ہے کہ دونوں کے درمیان ہوئی باتیں ابھی باہر نہیں آ پائی ہیں۔ چندر شیکھر آزاد نے بس اتنا کہا کہ وہ دیوبند میں مولانا سید ارشد مدنی سے ملاقات کرنے اور ان کا ‘آشیرواد‘لینے کے لئے آئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔