’بھارت نیائے یاترا‘ ہندوستانی آئین کی تمہید کے پہلے ستون پر مبنی: جئے رام رمیش
راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی 6200 کلومیٹر طویل ’بھارت نیائے یاترا‘ کا افتتاح کانگریس صدر کھڑگے 14 جنوری 2024 کو منی پور سے کریں گے جو 14 ریاستوں سے ہوتے ہوئے مہاراشٹر میں ختم ہوگی۔
کانگریس نے 14 جنوری سے 20 مارچ تک 6200 کلومیٹر کی دوری طے کرنے والی ’بھارت نیائے یاترا‘ کا اعلان کیا ہے۔ اس یاترا کو لے کر پارٹی کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے کہا کہ یاترا آئین کی تمہید کے پہلے ستون پر مبنی ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہندوستانی آئین پر بار بار ہونے والے حملوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
دراصل جئے رام رمیش نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل سے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’ہندوستانی آئین کی تمہید، جس کے ڈاکٹر امبیڈکر اہم معمار تھے، اپنے سبھی شہریوں کے لیے یقینی بنانے کا وعدہ کرتی ہے- سماجی، معاشی و سیاسی انصاف، نظریاتی، اظہار رائے، اعتماد، مذہب و عبادت کی آزادی، شہرت اور مواقع کی برابری حاصل کرانے کے لیے۔ اور، ان سب میں شخص کے وقار اور ملک کے اتحاد و سالمیت کو یقینی کرنے والی بھائی چارگی بڑھانے کے لیے۔‘‘
جئے رام رمیش نے آگے کہا کہ راہل گاندھی کی قیادت میں انڈین نیشنل کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘، جس میں وہ 7 ستمبر 2022 کو کنیاکماری سے 31 جنوری 2023 تک سری نگر تک چلے تھے، ہندوستانی آئین کی تمہید کے آزادی، برابری اور بھائی چارے کے ستون پر مبنی تھی۔ ’بھارت نیائے یاترا‘ تمہید کے پہلے ستون ’سماجی، معاشی و سیاسی انصاف‘ پر مبنی ہے۔ آئین پر بار بار ہو رہے حملوں کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا!
جئے رام رمیش کا یہ بیان کانگریس کے ذریعہ بدھ کو 14 جنوری سے 20 مارچ تک راہل گاندھی کی قیادت میں منی پور سے ممبئی تک ’بھارت نیائے یاترا‘ کے اعلان کے بعد آیا ہے۔ اس مرتبہ راہل گاندھی 14 ریاستوں میں 6200 کلومیٹر کا سفر کریں گے۔ ’بھارت نیائے یاترا‘ کا کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے 14 جنوری 2024 کو منی پور سے افتتاح کریں گے، جو 14 ریاستوں کے 85 اضلاع سے گزرتے ہوئے 20 مارچ 2024 کو مہاراشٹر میں ختم ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔