این سی آر پہنچی ’بھارت جوڑو یاترا‘، کل دہلی پہنچے گا راہل گاندھی کا قافلہ، یہ ہے مجوزہ راستہ
راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ جمعہ کے روز ہریانہ کے کھیرلی لالہ گاؤں سے شروع ہوئی۔ یاتری شام کے وقت فرید آباد میں آرام کریں گے، جبکہ کل صبح 6 بجے بدر پور بارڈر سے دہلی میں داخل ہوں گے
نئی دہلی: کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا جمعہ کے روز ہریانہ کے کھیرلی لالہ گاؤں سے شروع ہوئی۔ شیڈول کے مطابق، پد یاترا پاکھل گاؤں میں 10 بجے پہنچ کر ٹھہر گئی اور آرام کرنے کے بعد، یہ یاترا پالی چوک سے سہ پہر 3 بجے دوبارہ شروع ہو کر شام 6 بجے گوپال گارڈن بڑکھل موڑ پہنچے گی۔ یہاں ایک کارنر میٹنگ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے بعد تمام یاتری فرید آباد میں آرام کریں گے۔
بھارت جوڑو یاترا ہفتہ یعنی کل صبح 6 بجے بدر پور سرحد سے دہلی میں داخل ہوگی اور متھرا روڈ سے ہوتے ہوئے آشرم کی طرف بڑھے گی۔ اس کے بعد یہ ذاکر حسین مارگ، انڈیا گیٹ، تلک مارگ، آئی ٹی او سے ہوتے ہوئے لال قلعہ تک جائے گا۔ یاترا اس کے بعد لال قلعہ سے نیتا جی سبھاش مارگ کے راستے راج گھاٹ تک جائے گی۔
دہلی پولیس نے کہا کہ یاترا کا راستہ طے ہونے کے بعد اس بارے میں ٹریفک ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔ راہل گاندھی کی قیادت میں یہ یاترا اپنے 108ویں دن ہفتہ کی صبح 6 بجے دہلی پہنچے گی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ راستے کو حتمی شکل دینے کے بعد ایک ایڈوائزری جاری کی جائے گی۔
ریاستی کانگریس کے ترجمان پرویز عالم نے مجوزہ روٹ کے بارے میں کہا کہ ہماری تیاریاں مکمل ہیں۔ حالانکہ پولیس نے ہمیں کچھ نہیں بتایا۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس نے دہلی میں اپنے مجوزہ راستے کو بینر پوسٹروں سے ڈھانپ دیا ہے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے پیش نظر گروگرام ضلع انتظامیہ نے جمعہ کو ڈرون کے استعمال پر پابندی لگا دی۔ اس کے ساتھ ہی ڈپٹی کمشنر نشانت کمار یادو نے پہلے ہی آئی پی سی کی 144 کے تحت حکم جاری کیا تھا۔
فرید آباد پولیس نے بھی بھارت جوڑو یاترا کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بلبھ گڑھ سے سوہنا ہوتے ہوئے دھوج جانے والا راستہ صبح 4 بجے سے دوپہر تک مکمل طور پر بند رہے گا۔ شام 4 بجے سے بڑکھل چوک، پرانہ چوک اور نیلم اجروندہ چوک سے این آئی ٹی کی طرف آنے والی تمام گاڑیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی-متھرا روڈ، نیلم فلائی اوور سے دہلی جانے والی سروس روڈ اور قومی شاہراہ-2 ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند رہے گی۔
یاترا کے دوران دونوں دنوں فرید آباد میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی رہے گی۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ٹریفک ایڈوائزری کے مطابق اپنے سفر کی منصوبہ بندی کریں تاکہ ٹریفک سے متعلق کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔
ایڈوائزری کے مطابق ’کے ایم پی‘ کے ذریعے آپ ریواڑی سے سوہنا-ریواڑی-تاؤڑو-پلول اور پچگاؤں سے گروگرام جا سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی فرید آباد میں بھاری گاڑیوں کے داخلے پر پابندی ہوگی۔ پلول سے دہلی جانے والی بھاری گاڑیاں کے جی پی سے گزر سکیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔