بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی کے ساتھ سیلفی لینے کی ہوڑ، چائے بھی پیش کر رہے ہیں لوگ

راہل گاندھی جب پرسالہ سے آرہے تھے تو راستے میں انہوں نے جھونپڑی کے باہر ایک شخص کو کھڑا دیکھا۔ اس نے ہاتھ جوڑ کر اندر آنے کا اشارہ کیا اور راہل وہاں چلے گئے۔

بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کی مقبولیت عروج پر
بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی کی مقبولیت عروج پر
user

دیپک اسیم

ترواننت پورم: راہل گاندھی کی پیدل یاترا پرسالہ سے تریویندرم شہر کی حدود میں جب پہنچی۔ پیدل یاترا پہنچنے کا وقت شام 6 بجے تھا لیکن یاترا ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچی۔ دیر سے آنے کی وجہ یہ رہی کہ راہل گاندھی عوام میں زبردست گھل مل رہے ہیں۔ کوئی سیلفی لینے کے لیے رکتا ہے تو کوئی انہیں پکڑ کر چائے پلانے کے لئے اپنے گھر لے جاتا ہے۔

راہل گاندھی جب پرسالہ سے آ رہے تھے تو راستے میں انہوں نے جھونپڑی کے باہر ایک شخص کو کھڑا دیکھا۔ اس نے ہاتھ جوڑ کر اندر آنے کا اشارہ کیا اور راہل وہاں چلے گئے۔ راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور شاعر عمران پرتاپ گڑھی ان چار پانچ لوگوں میں شامل تھے جو جھونپڑی میں داخل ہونے میں کامیاب ہوئے۔ راہل نے وہیں چائے پی۔ جس شخص نے رہل گاندھی کو بلایا اس نے اپنا فون نکال کر عمران پرتاپ گڑھی کو دیا اور کہا کہ راہل گاندھی کے ساتھ میری تصویر کھینچ دو۔ اس طرح کے کئی واقعات راستے میں ہوتے رہتے ہیں، اس لیے یاترا میں تاخیر ہو جاتی ہے۔ لیکن اس سے پیدل چلنے والی خواتین کو کچھ راحت ملتی ہے کیونکہ وہ اتنا تیز نہیں چل پاتیں جتنا تیز راہل چلتے ہیں۔


اس ہجوم میں چلنا آسان بھی ہے اور مشکل بھی۔ جیسے ہی آپ پیدل سفر کرنے والوں کے اس قافلے میں شامل ہوتے ہیں، آپ توانائی کے بہاؤ میں آجاتے ہیں اور قدم خود بخود اٹھتے ہیں، نعروں سے الگ جوش پیدا ہوتا ہے۔

راہل گاندھی کی اس پیدل یاترا کو پہلا چیلنج تریویندرم میں پیش آیا جہاں سب کو زرعی یونیورسٹی میں ٹھہرنا تھا۔ یہاں پر کیرالہ سی پی آئی اسٹوڈنٹ ونگ یونیورسٹی کے طلبہ ونگ نے احتجاج کیا۔ یہ نہیں معلوم کہ احتجاج کا مقصد کیا تھا، لیکن کانگریس نے جگہ بدل دی اور سینٹ میری اسکول میں سونے کا انتظام کیا۔ یہ پہلا موقع تھا کہ پیدل چلنے والے کنٹینر میں نہیں سوئے تھے۔ واضح رہے اس یاترا کو حکومت تمل ناڈو کی مکمل حمایت حاصل تھی۔ کیرالہ میں ویسا تعاون نظر نہیں آرہا ہے۔ اس یاترا کا اصلی امتحان تو اس وقت ہوگا جب یہ بی جے پی حکومت والی ریاستوں سے گزرے گی۔ یہ چیلنج دگ وجے سنگھ کے لئے ہوگا جو سب کو اچھی طرح سے سنبھال رہے ہیں۔


کے سی وینوگوپال پیدل یاترا کے ساتھ ہیں لیکن رکن پارلیمنت ششی تھرور اس وقت وہاں پہنچے جب یاترا ترویندرم پہنچی۔ یہاں ایک بہت چھوٹی میٹنگ بھی ہوئی تھی جس میں صرف راہل گاندھی نے ہی بات کی۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ تعلیم اور کمائی کے معاملے میں پورے ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔