بھارت جوڑو یاترا: ’ہمارا ملک نوجوانوں کا، ہم سب مل کر ہندوستان کو جوڑیں گے بھی اور آگے بھی بڑھائیں گے‘، راہل گاندھی پرعزم

ایک فیس بک پوسٹ میں راہل گاندھی لکھتے ہیں ’’میں ہماری بھارت جوڑو یاترا کے دوران بہت سارے نوجوانوں سے مل رہا ہوں، سمجھ رہا ہوں کہ ان کی حکومت سے امیدیں کیا ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو یاترا‘ اپنی آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ کیرالہ میں اس یاترا کو لوگوں کا خوب پیار مل رہا ہے۔ راہل گاندھی اس محبت اور اپنائیت کو دیکھ کر بہت پرجوش نظر آ رہے ہیں۔ وہ سوشل میڈیا پر اپنے تجربات اور لوگوں سے ملاقات کی ویڈیوز شیئر بھی کر رہے ہیں۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی ویسے تو ہر طبقہ اور شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے مل رہے ہیں، لیکن آج انھوں نے خصوصاً نوجوانوں سے ملاقات کا تذکرہ اپنے ایک فیس بک پوسٹ میں کیا ہے۔ انھوں نے نوجوانوں کے ساتھ مل کر ملک کو جوڑنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

آج راہل گاندھی نے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کے دوران سوشل میڈیا پر کچھ ویڈیوز و تصاویر پوسٹ کر نوجوانوں، خواتین و بزرگوں کے جوش اور یاترا سے متعلق ان کی خوشی کا اظہار کیا۔ ایک فیس بک پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’اگر ہم اپنے نوجوانوں کی توانائی کا صحیح طریقے سے استعمال کریں، انھیں صحیح سمت عطا کریں تو ہمارا ملک بہت تیزی سے ترقی کر سکتا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں ’’آج ملک میں گزشتہ 45 سالوں میں سب سے زیادہ بے روزگاری ہے۔ پڑھے لکھے نوجوان روزگار کی تلاش میں بھٹک رہے ہیں، مایوسی کی گرفت میں ہیں۔ ہماری ذمہ داری بھی ہے اور آج وقت کا مطالبہ بھی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کی ریڑھ مضبوط کریں، انھیں پازیٹویٹی کی طرف لے کر آئیں۔‘‘


اس فیس بک پوسٹ میں راہل گاندھی آگے لکھتے ہیں کہ ’’میں ہماری بھارت جوڑو یاترا کے دوران بہت سارے نوجوانوں سے مل رہا ہوں، سمجھ رہا ہوں کہ ان کی حکومت سے امیدیں کیا ہیں، اپنے مستقبل کو روشن بنانے کے لیے وہ ہم سے کس کس طرح کی مدد چاہتے ہیں، ہم ان کے لیے مزید کتنے امکانات بنا سکتے ہیں۔ ہماری بھارت جوڑو یاترا کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم بچے، بوڑھے، نوجوان، خواتین، مزدور، غریب، کسان اور قبائلیوں سب کی بات سن سکیں، ان کے مسائل کا حل نکال سکیں۔ ہم کامیاب بھی ہو رہے ہیں، نوجوان کھل کر ہم سے بات کر رہے ہیں، ساتھ چل رہے ہیں۔ مجھے امید ہے ہم سب مل کر اپنے بھارت کو جوڑیں گے بھی اور آگے بھی بڑھائیں گے۔‘‘

قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارت جوڑو یاترا میں راہل گاندھی اور ان کے ساتھ نہ صرف جگہ جگہ لوگوں سے ملاقات کر رہے ہیں، بلکہ کبھی آٹو والوں سے، کبھی طلبا سے اور کبھی این جی اوز چلانے والوں سے ملاقات بھی کر رہے ہیں۔ آج اچانک راہل گاندھی اینڈ بریگیڈ ایک ٹال اسٹال میں داخل ہوئے جہاں ٹی اسٹال کا مالک اور اس کا کنبہ بہت خلوص کے ساتھ چائے اور ناشتہ پیش کرتا نظر آیا۔ اس کی ایک ویڈیو کانگریس کے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر بھی کی گئی ہے جس کے ساتھ لکھا گیا ہے ’’بھارت جوڑو یاترا کے دوران چائے کے لیے ایک ٹی اسٹال کا رخ ہوا۔ اس ٹی اسٹال کو چلانے والے ہیری جی اور ان کے کنبہ کے ساتھ بھارت یتریوں کی ایک پیاری سی ملاقات ہوئی۔ قدم در قدم سب کا ساتھ مل رہا ہے، بھارت جڑ رہا ہے۔‘‘


راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے 16 ستمبر کی دیر شام کی ایک انتہائی دلکش ویڈیو شیئر کی ہے، یہ بھی راہل گاندھی بریگیڈ اور ان کی بھارت جوڑو یاترا کی حوصلہ افزائی کرنے والی ہے۔ ویڈیو میں کچھ خواتین اسٹیج پر ڈھول نگاڑے بجا رہی ہیں اور جشن کا ایک شمع دکھائی دے رہا ہے۔ اسٹیج کے نیچے زبردست بھیڑ کے درمیان راہل گاندھی کھڑے ہوئے ہیں اور ان کی پیشکش پر تالیاں بجا رہے ہیں۔ کچھ دیر کے لیے وہ اسٹیج پر پہنچ کر ان خواتین کا شکریہ بھی ادا کرتے ہیں۔ اس ویڈیو کو پوسٹ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا ہے ’’نفرت کی سیاست پر ہمارا پیار بھاری ہوگا۔ عوام میری ہم سفر ہے اور ہم ساتھ مل کر بھارت جوڑ رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔