’بھارت جوڑو یاترا‘ کامیاب ہو رہی ہے، کیونکہ ہندوستان نفرت کا نہیں بلکہ محبت اور رواداری کا ملک ہے: راہل گاندھی
پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یاترا بولنے کی نہیں بلکہ سننے کے لئے ہے۔ جو بھی یہاں تشریف لائے ہیں، صرف اٹھائے گئے مسائل پر غور کریں۔
فتح گڑھ صاحب: کانگریس کی ’بھارت جوڑو یاترا‘ بدھ کو فتح گڑھ صاحب میں گورودوارہ اور درگاہ کی زیارت کے ساتھ ہی پنجاب میں داخل ہو گئی۔ اس دوران راہل گاندھی نے یہاں آئے لوگوں سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا ملک کے سب سے اہم مسائل یعنی نفرت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خلاف آواز اٹھانے اور لڑنے کے لئے ہے۔ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ یاترا بولنے کی نہیں بلکہ سننے کے لئے ہے۔ جو بھی یہاں تشریف لائے ہیں، صرف اٹھائے گئے مسائل پر غور کریں۔
کانگریس لیڈر نے مزید کہا ’’ہم علی الصبح بیدار ہو کر چلنا شروع کرتے ہیں اور شام تک لوگوں سے ملتے ہیں اور ان کے مسائل سنتے ہیں۔ میں صبح کے وقفے کے بعد لوگوں سے مل رہا ہوں اور زمینی سطح سے رائے لینے کی کوشش کر رہا ہوں۔‘‘ راہل گاندھی نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تشدد کا ماحول پھیلا ہوا ہے۔ بی جے پی والے، آر ایس ایس والے ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک مذہب کو دوسرے مذہب سے لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں، ایک ذات کو دوسری ذات سے، ایک زبان کو دوسری زبان سے لڑانے کی کوشش کر رہے ہیں اور انہوں نے ملک کا ماحول خراب کر دیا ہے۔ اس لیے ہم نے سوچا کہ ملک کو محبت کا، اتحاد کا، بھائی چارے کا راستہ بھی دکھانا چاہئے اور اسی لیے ہم نے یہ یاترا شروع کی۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بی جے پی نے یاترا پر سوالات اٹھائے۔ اسے یقین تھا کہ یہ یاترا کامیاب نہیں ہوگی لیکن جیسے جیسے ہم آگے بڑھ رہے ہیں، ہمارا اور زیادہ جوش کے ساتھ استقبال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ بی جے پی والے جو نفرت، خوف، تشدد پھیلا رہے ہیں، یہ اس ملک کا طریقہ نہیں ہے، اس ملک کی روایت نہیں، اس ملک کی تاریخ نہیں۔ یہ ملک رواداری کا ملک ہے، اتحاد کا ملک ہے، عزت کا ملک ہے، اور اسی وجہ سے یہ یاترا کامیاب ہو رہی ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اس یاترا سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ کسانوں سے بات کی، چھوٹے دکانداروں سے بات کی، مزدوروں سے بات کی، بے روزگار نوجوانوں سے بات کی، ماؤں بہنوں سے بات کی اور آپ کے علم کی بدولت بہت کچھ سمجھ میں آیا، اس کے لیے میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اس یاترا میں لمبی تقریریں نہیں ہوتیں، یہ بولنے کی یاترا نہیں ہے، سننے کی یاترا ہے۔
خیال رہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی بھارت جوڑو یاترا کے پنجاب میں داخل ہونے سے ایک دن پہلے منگل کو گولڈن ٹیمپل پہنچے اور یہاں اپنی پیشانی ٹیکی۔ پنجاب کے بعد یاترا 19 جنوری کو ہماچل پردیش اور 20 جنوری کو جموں و کشمیر میں داخل ہوگی، جہاں یہ 30 جنوری کو قومی پرچم لہرانے کے ساتھ اختتام پذیر ہو جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔