بھارت جوڑو یاترا: کانگریس کی سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ

کانسٹی ٹیوشن کلب میں ہوئی آج کی میٹنگ کے دوران راہل گاندھی، یوگیندر یادو، جئے رام رمیش اور دگوجے سنگھ سمیت کئی اہم سماجی و سیاسی لیڈران موجود رہے۔

راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
راہل گاندھی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

کانگریس آئندہ 7 ستمبر سے ’بھارت جوڑو یاترا‘ شروع کرنے والی ہے۔ اس سے قبل کانگریس نے دہلی کے کانسٹی ٹیوشن کلب آف انڈیا میں ملک بھر کے سول سوسائٹی نمائندوں اور اہم ہستیوں کے ساتھ میٹنگ کی۔ اس میٹنگ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی بھی موجود تھے۔ انھوں نے میٹنگ میں موجود لوگوں سے تبادلہ خیال کیا، اور ساتھ ہی سول سوسائٹی کے نمائندوں و سرکردہ ہستیوں سے اس یاترا میں شامل ہونے کی اپیل کی۔

قابل ذکر ہے کہ کانگریس کے ذریعہ نکالی جانے والی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کشمیر سے لے کر کنیاکماری تک کا احاطہ کرے گی۔ اس سلسلے میں 22 اگست کو ہوئی میٹنگ میں سول سوسائٹی کےنمائندوں کے ساتھ کچھ اہم گفت و شنید ہوئی۔ کانگریس نے گزشتہ ہفتے اس یاترا کو لے کر اعلان کیا تھا کہ اس میں راہل گاندھی سمیت پارٹی کے سرکردہ لیڈران و کارکنان بھی شریک ہوں گے۔


کانگریس کی یہ پیدل یاترا 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو خطوں کا احاطہ کرتے ہوئے عوام کے درمیان اتحاد کا پیغام پیش کرے گی۔ یہ تقریباً 3500 کلومیٹر طویل یاترا ہوگی اور تقریباً 150 دنوں میں یہ تکمیل کو پہنچے گی۔ کانسٹی ٹیوشن کلب میں ہوئی آج کی میٹنگ کے دوران یوگیندر یادو، جئے رام رمیش اور دگوجے سنگھ سمیت کئی اہم سماجی کارکنان بھی موجود رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔