’بھارت بند کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کا شکریہ‘... کانگریس

مہاراشٹر میں حزب اختلاف کے بند میں شدت نظر آ رہی ہے، راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا کے کارکنان نے پونے میں کئی بسوں پر پتھر بازی کی۔

تصویر بِپن
تصویر بِپن
user

قومی آواز بیورو

10 Sep 2018, 10:09 AM

پٹرول-ڈیزل کی آسمان چھوتی قیمتوں، ڈالر کے مقابلہ روپیہ کی گرتی قدر اور مودی حکومت کی عوام مخالف پالیسیوں کے خلاف کانگریس کی اپیل پر حزب اختلاف کی پارٹیوں کی جانب سے ’بھارت بند‘ کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بند کئی شہروں میں مشتعل ہو گیا ہے کئی جگہ ٹرینوں کو روکا گیا ہے۔

کانگریس اور تقریباً تمام حزب اختلاف کے بند کا اثر صبح سے ہی نظر آنے لگا، جگہ جگہ مظاہرہ کیا گیا اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔ حیدرآباد کے مرشد آباد میں بس ڈپو اور ضلع بھونگیر کے یدادری بھونگیری میں تیل قیمتوں کے اضافہ کے خلاف مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

ملک بھر میں کانگریس کے ’بھارت بند‘ کی حمایت میں 20 پارٹیاں سڑکوں پر ہیں۔ کیلاش مانسروور یاترا سے لوٹے کانگریس صدر راہل گاندھی بھی احتجاج میں شامل ہوئے۔ انہوں نے سب سے پہلے راج گھاٹ پہنچ کر مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا اس کے بعد رام لیلا میدان تک اپوزیشن کے مارچ کی قیادت کی۔ مارچ میں یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ بھی شامل ہوئے۔

10 Sep 2018, 4:44 PM

کانگریس نے ’بھارت بند‘ کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کا شکریہ ادا کیا

ملک میں رسوئی گیس، پٹرول اور ڈیزل کی لگاتار بڑھتی قیمتوں اور آسمان چھوتی مہنگائی کے خلاف کانگریس کے ’بھارت بند‘ کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس جنرل سکریٹری اشوک گہلوت نے ملک کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ بھارت بند کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے اشوک گہلوت نے بند کو حمایت دینے والی سبھی اپوزیشن پارٹیوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

10 Sep 2018, 4:16 PM
بھارت بند کے بعد کانگریس کی پریس کانفرنس

10 Sep 2018, 2:52 PM
زیر حراست لئے گئے لیفٹ رہنما

حزب اختلاف کے بھارت بند کا بڑے پیمانے پر اثر ہوا ہے دہلی میں لفٹ پارٹیوں نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔ دریں اثنا موصول اطلاع کے مطابق دہلی میں کچھ لفٹ رہنماؤں کو پولس نے حراست میں لیا ہے۔ حراست میں لئے گئے رہنماؤں کو تھانہ سنسند مارگ میں لے جایا گیا ہے۔

ادھر فریدآباد میں بھی پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ کیا گیا۔

10 Sep 2018, 1:32 PM
اپوزیشن کا بند کامیاب، بوکھلائی مودی سرکار

کانگریس کی کال پر ملک بھر میں بھارت بند کا اہتمام کیا گیا ہے۔ بند کا ملک بھر میں بڑے پیمانے پر اثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے مودی حکومت کی بوکھلاہٹ صاف نظر آ رہی ہے۔ بی جے پی کے رہنما بند کے خلاف لگاتار بیان بازی کر رہے ہیں، حالانکہ بڑھتی مہنگائی کے بارے میں وہ کچھ نہیں کہہ رہے۔

روی شنکر پرساد نے تو باقاعدہ پریس کانفرنس بلا کر بھارت بند کے حوالے سے کانگریس کو کوسا۔ اتنا ہی نہیں انہوں نے بہار کے جہان آباد میں ایک بچی کی موت کو بھی بھارت بند سے جوڑ دیا۔ ان کے جھوٹ کا پردہ فاش کچھ ہی دیر میں اس وقت ہو گیا جب بہار کے ایس ڈی او نے میڈیا سے کہا کہ بچی کی موت کا بند سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔


10 Sep 2018, 12:14 PM
حکومت یہ بھی کہہ سکتی ہے کہ مہنگائی سے ترقی آئے گی: اکھلیش یادو

دہلی کانگریس نے اپنے منفرد انداز میں بڑھتی قیمتوں کے خلاف احتجاج کیا۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اجے ماکن نے ایک پٹرول پمپ پر بیل گاڑی پر بیٹھ کر عوام سے خطاب کیا۔

بھارت بند کو حمایت دے رہی اترپردیش کی اہم اپوزیشن سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بڑھتی مہنگائی پر حکومت پر حملہ بولا۔ اکھلیش یادو نے کہا، ’’بی جے پی فخر محسوس کر رہی ہوگی کہ آج اپوزیشن نے بند کی کال دی ہے اس کے باوجود تیل قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں طنزیہ انداز میں کہا، ’’حکومت یہ بھی کہہ سکتی ہے کہ مہنگائی بڑھنے سے ملک میں ترقی آئے گی۔‘‘

بی جے پی نے بھارت بند کو ناکام قرار دیا ہے۔ بی جے پی رہنما اور مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا، ’’بھارت بند نہیں ہوگا بلکہ آگے بڑھتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عظیم اتحاد کا غبارہ جلد ہی پھوٹ جائے گا۔

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا، ’’کھسیانے اپوزیشن کے پاس کوئی حکمت عملی اور قیادت نہیں ہے، ان سے اور کیا امید کی جا سکتی ہے!۔‘‘

ادھر، بھارت بند کے دوران دہلی کے پریت وہار علاقہ میں لوگوں نے بیل گاڑی اور موٹر سائیکل کے ساتھ مظاہرہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
10 Sep 2018, 11:00 AM
ملک بھر میں بند کا بڑے پیمانے پر اثر

ممبئی میں راج ٹھاکرے نے کانگریس کے بھارت بند کی حمایت کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ایم این ایس کے کارکنان نے پریل کے بھارت ماتا جنکشن ناکا میں واقع دکانوں اور کاروباری مقامات کو بند کرایا۔ ادھر کانگریس کارکنان نے اندھیری اسٹیشن پر ریل روکو مہم چلائی۔

بہار میں لوک تانترک جنتا دل کے کارکنان نے موٹر بائیک کو ہاتھوں میں اٹھاکر بڑھتی تیل قیمتوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ جن ادھیکار پارٹی نے بھی مظاہرہ کیا۔

بھارت بند کے پیش نظر ’ایسٹ کوسٹ ریلوے زون‘ کی جانب سے بھونیشور-ہاوڑہ جن شتابدی ایکسپریس اور بھونیشور-وشاکھاپٹنم انٹر سٹی ایکسپریس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔


10 Sep 2018, 10:16 AM

مدھیہ پردیش کے اجین میں پٹرول پمپ میں توڑ پھوڑ کی خبر ہے۔ مشتعل مظاہرین نے پولس اہلکار کی پٹائی بھی کر دی۔ ہنگامہ کے دوران ایک شخص زخمی ہو گیا۔ اجین میں درگاہ منڈی کے نزدیک مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی ہے۔ واضح رہے کہ بند کے دوران کئی شہروں میں دکانیں اور اسکول بند ہیں۔

ادھر گجرات میں بند کے دوران احمدآباد-ممبئی قومی شاہراہ کو جام کر دیا گیا ہے۔ مظاہرین نے ٹائروں میں آگ لگا کر اپنے غصہ کا اظہار کیا۔ ہائی وے پر کئی کلومیٹر لمبا جام لگ گیا ہے۔

ادھر چھتیس گڑھ میں بھی پٹرول-ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف مظاہرہ جاری ہے۔ رائے پور میں مظاہرین سڑکوں پر ہیں اور مودی حکومت کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔

10 Sep 2018, 9:35 AM

مہاراشٹر میں حزب اختلاف کے بند میں شدت نظر آ رہی ہے۔ راج ٹھاکرے کی مہاراشٹر نونرمان سینا کے کارکنان نے پونے میں کئی بسوں پر پتھر بازی کی۔

کانگریس کے بند کو 20 دیگر جماعتیں بھی حمایت دے رہی ہیں۔ ایس پی، بی ایس پی، این سی پی، ٹی ایم سی، آر ایل ڈی، آر جے ڈی، سی پی آئی، سی پی ایم، اے آئی یو ڈی ایف، این سی، جے ایم ایم، جے وی ایم، ڈی ایم کے، عآپ، ٹی ڈی پی، کیرالہ کانگریس (ایم)، آر ایس پی، آئی یو ایم ایل، لوک تانترک جنتا دل اور سوابھیمان پکشا (آر شیٹی) بند میں شامل ہیں۔


10 Sep 2018, 9:43 AM

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔