بھجن لال نے راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر لیا حلف، دیا کماری اور پریم چند کی نائب وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری

راجستھان میں بی جے پی نے 115 سیٹیں جیتی ہیں، کانگریس کو 69 سیٹیں ملی ہیں۔ بھجن لال پہلی بار ایم ایل اے منتخب ہوئے تھے۔ انہیں منگل کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں نامزد وزیر اعلیٰ قرار دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

جے پور: بھجن لال شرما راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ گورنر کلراج مشرا نے جے پور کے البرٹ ہال میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران بھجن لال شرما کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ دلچسپ بات ہے کہ آج بھجن لال کی سالگرہ بھی ہے۔ بھجن لال کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ دیا کماری اور پریم چند بیروا نے بھی حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بی جے پی صدر جے پی نڈا، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، مرکزی وزراء نتن گڈکری، پیوش گوئل نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ یوپی کے سی ایم یوگی آدتیہ ناتھ، ایم پی کے نئے سی ایم موہن یادو، گجرات کے سی ایم بھوپیندر پٹیل، مہاراشٹر کے سی ایم ایکناتھ شندے، راجستھان کے سابق سی ایم اشوک گہلوت، وسندھرا راجے، ارجن رام میگھوال، گوا کے سی ایم پرمود ساونت، تریپورہ کے سی ایم مانک، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، یوپی کے نائب وزیراعلیٰ کیشو پرساد موریہ سمیت کئی لیڈران نے شرکت کی۔ بھجن لال شرما نے حلف لینے سے پہلے اپنے والدین کا آشیرواد لیا۔ اس سے پہلے وہ مندر گئے اور پوجا بھی کی۔


راجستھان میں بی جے پی نے 115 سیٹیں جیتی ہیں۔ وہیں کانگریس کو 69 سیٹیں ملی ہیں۔ ریاست کی 200 میں سے 199 سیٹوں پر ووٹنگ ہوئی۔ ایک نشست پر انتخابات ایک امیدوار کی موت کے باعث ملتوی کر دیے گئے۔ بھجن لال پہلی بھرت پور کے رہنے والے ہیں۔ اور پہلی بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ پارٹی کے مرکزی مبصرین راج ناتھ سنگھ، سروج پانڈے اور ونود تاوڑے کی موجودگی میں منگل کو بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں انہیں وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا۔ وسندھرا راجے نے لیجسلیچر پارٹی کی لیڈر کے طور پر ان کا نام تجویز کیا تھا۔ جبکہ دیا کماری ودیا نگر سے ایم ایل اے ہیں۔ جبکہ بیراوا دودو سیٹ سے ایم ایل اے ہیں۔ اجمیر نارتھ کے ایم ایل اے واسودیو دیونانی کو اسپیکر بنایا گیا ہے۔

دیا کماری نے 2019 کے لوک سبھا انتخابات میں راجسمند سے 5.51 لاکھ سے زیادہ ووٹوں سے الیکشن جیتا تھا۔ ان کا تعلق جے پور کے شاہی خاندان سے ہے۔ انہوں نے 2013 میں سیاست میں قدم رکھا۔ وہ دو بار ایم ایل اے اور ایک بار ایم پی بھی رہ چکی ہیں۔ وسندھرا راجے، دیا کماری، گجیندر شیکھاوت، بابا بالکناتھ، راجیہ وردھن راٹھور بھی سی ایم کی دوڑ میں شامل تھے۔ لیکن بی جے پی ہائی کمان نے سب کو حیران کر دیا اور بھجن لال کا انتخاب کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔