بھیو جی مہاراج خود کشی کیس: بلیک میل کرنے والی خاتون سمیت تین افرادگرفتار

بھیو جی مہاراج خود کشمی معاملہ میں تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار شدگان میں ان کے خاص خادم ونایک دودھاڑے، شرد دیشمکھ اور بلیک میل کرنے کی ملزم خاتون پلک بھی شامل ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اندور: مدھیہ پردیش میں اندور کےسنت اور سابق ریاستی وزیر کا درجہ پانے والے، ادے رائے دیشمکھ (بھیو جی مہاراج) کی خودکشی کیس میں پولیس نے تین ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔

پولیس کی گرفت میں آنے والے، ان کے دو سیوادار ونایک دودھاڑے (42) احمد نگر، مہاراشٹر ، شردراؤ (34) آکولا، مہاراشٹر اور ان کی منھ بولی بیٹی پلک پرانک (25) سداما نگر، اندور پر الزام ہے کہ انہوں نے سازش کے تحت بھیو جی مہاراج کو خود کشی کرنے پر مجبور کر دیا تھا۔

اندور شہر کے ڈی آئی جی ہری نارائن چاری مشر نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران دعویٰ کیا کہ تینوں ملزمین کی سازش کی وجہ سے بے بس ہوکر بھیوجی مہاراج نے گذشتہ برس 12 جون کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی۔ تینوں پر الزام ہے کہ انہوں نے بھیوجی کی زمین، جائداد کو ہڑپنے کے مقصد سے سازش رچی تھی۔

پولس نے تقریباً سات ماہ کی تفتیش میں بھیوجی مہاراج سے جڑے 100 سے زیادہ افراد سے پوچھ گچھ کرکے ثبوت اکٹھا کیے ہیں۔ بھیو جی مہاراج نے 12 جون 2018 کو اپنی رہائش گاہ پر خود کو گولی مار لی تھی۔ گذشتہ تین ماہ سے مہاراج کے حامی پولیس سے معاملے کو مشکوک بتاکر دوبارہ تفتیش کیے جانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ پولیس نے اس سے قبل پریس کانفرنس کرکے کہا تھا کہ بھیوجی مہاراج نے شدید ذہنی دباؤ میں آکر خودکشی کی تھی۔

غورطلب ہے کہ بھیوجی مہاراج کا سب سے خاص سیوادار دودھاڑے ان کی خودکشی کے فوری بعد زیر بحث آیا تھا۔ بھیو مہاراج کے مبینہ سوسائڈ نوٹ میں ان کی مالی وراثت، املاک، بینک کھاتے اور متعلقہ دستاویزاد پر دستخط کا حق دودھاڑے کو ہی سونپے جانے کا ذکر تھا۔ وہ بھیو جی کے ساتھ تقریباً 15 سالوں سے جڑا ہوا تھا اور سایہ کی طرح ان کے ساتھ رہتا تھا۔ دودھاڑے اس معاملہ میں اس وقت شک کے گھیرے میں آیا جب وہ روحانی پیشوا بھیو جی مہاراج کی خود کشی کے کچھ وقت بعد غائب ہو گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔