بھگونت مان کی شادی میں کیجریوال نے ادا کی والد کی رسمیں، دولہا-دلہن کی تصویر آئی سامنے

آج جب بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کے درمیان شادی کی رسمیں ہوئیں تو اس سے پہلے بھگونت مان کا راستہ ان کی سالیوں نے روک لیا، پھر ربن کٹائی کا نیگ والا پیسہ بھی وصول کیا گیا۔

بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی
بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی
user

قومی آواز بیورو

پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی ایک سادہ تقریب میں مکمل ہو گئی ہے۔ یہ شادی دوپہر تقریباً 12 بجے انجام پائی اور اس میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے علاوہ عآپ کے کچھ اہم لیڈران اور دولہا –دلہن کے قریبی رشتہ دار شامل ہوئے۔ اروند کیجریوال مع اہل و عیال اس شادی میں شریک ہوئے اور انھوں نے ہی شادی میں بھگونت مان کے والد کی سبھی رسمیں ادا کیں۔ شادی کی یہ تقریب وزیر اعلیٰ رہائش میں ہی منعقد ہوئی، لیکن بھگونت مان نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ شادی کی اخراجات خود ہی برداشت کریں گے۔

قابل ذکر ہے کہ 48 سالہ بھگونت مان کی یہ دوسری شادی ہے۔ پہلی شادی تقریباً چھ سال قبل ٹوٹ گئی تھی جس سے ان کے دو بچے بھی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھگونت مان کی دوسری شادی 32 سالہ ڈاکٹر گرپریت کور سے بہت پہلے ہی ہو جاتی، لیکن پنجاب کے وزیر اعلیٰ بننے کی وجہ سے اس میں کچھ تاخیر ہو گئی۔ حالانکہ اس شادی کے تعلق سے کسی کو بھنک تک نہیں لگی تھی۔ دو روز پہلے ہی اس سلسلے میں انکشاف ہوا اور اچانک شادی کی تاریخ سامنے آ گئی۔


آج جب بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کے درمیان شادی کی رسمیں ہوئیں تو اس سے پہلے بھگونت مان کا راستہ ان کی سالیوں نے روک لیا۔ پھر ربن کٹائی کا نیگ والا پیسہ بھی وصول کیا گیا۔ ان رسموں کے بعد شادی کی اصل رسمیں انجام پائیں جس میں اروند کیجریوال پیش پیش نظر آئے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار کسی کی شادی وزیر اعلیٰ عہدہ پر رہتے ہوئے ہوئی ہے۔ بہرحال، بھگونت مان اور ڈاکٹر گرپریت کور کی شادی کی تصویریں سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ شیئر ہو رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔