بھاگلپور میں فساد: مرکزی وزیر کے بیٹے کے خلاف ایف آئی آر
مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے ارجت شاشوت پر بھاگلپور معاملہ میں ایف آئی درج کرئی گئی ہے۔ ان پر بغیر اجازت جلوس نکالنے کا الزام ہے۔
پٹنہ: بھاگلپور کے ناتھ نگر میں ہفتہ کی شام ہوئی فرقہ وارانہ کشیدگی کو لے کر بہار کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ سوموار کو اسمبلی کی کارروائی شروع ہوتے ہی بھاگلپور معاملے کو لے کر اپوزیشن نے ایوان کے اندر اور باہر جم کر ہنگامہ کیا۔ ارکان ویل پر پہنچ کر نعرے بازی کرنے لگے جس کے بعد ایوان کی کارروئی کو ملتوی کرنا پڑا۔ آر جے ڈی رکن اسمبلی ’بھائی ویریندر ‘ نے تو یہاں تک کہہ دیا کہ مرکزی وزیر گری راج سنگھ اور مرکزی وزیر اشونی چوبے بہار کا ماحول خراب کر رہے ہیں۔ انہوں نے نتیش کمار پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کی پشت پناہی میں بہار کی فضا خراب کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
قبل ازیں، حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو نے وزیر اعلی نتیش کمار پر سیدھا حملہ بولا۔ تیجسوی نے کہا کہ ضمنی انتخاب کی ہار سے گھبرا کر انہوں نے بھاگالپور میں فساد کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ارریہ اور دربھنگا کے بعد بھاگلپور کا ماحول خراب کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ آخر نتیش کمار اتنے بے بس اور لاچار کیوں ہیں ؟ جب وزارت داخلہ نیتش کمار کے پاس ہے تو ماحول خراب کرنے والے عناصر اور قوتوں کی حوصلہ افزائی کیوں کی جا رہی ہے؟
اس معاملے پر ہندوستانی عوام مورچہ (سوکولر) کے قومی ترجمان ای اجے یادو نے کہا کہ بہار اور اتر پردیش ضمنی انتخابات کے نتائج کو دیکھتے ہوئے بی جے پی اور این ڈی اے کو یہ احساس ہونے لگا ہے کہ بغیر فساد کے یہ لوگ الیکشن نہیں جیت سکتے۔ جہاں تک مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے ارجت شاسوت پر ایف آئی آر درج ہونے کی بات ہے تو یہ کسی سے پوشیدہ نہیں ہے کہ ماحول خراب کرنے میں شاشوت کا ہی ہاتھ ہے۔ سب سے پہلے جے رام کا نعرہ لگاتے ہوئے ششوت نے ہی بھیڑ کو مشتعل کیا اور جب فساد بھڑک گیا تو وہ فرار ہو گیا۔
اجے یادو نے کہا ہے کہ ان کی پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ قصور وار کو سزا ملے تاکہ کوئی بھی صوبے کی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بگاڑ نہ سکے۔ مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے اجت شاشوت پر بھاگلپور معاملہ میں ایف آئی آر درج ہو چکی ہے اور خاص بات یہ ہے کہ انتظامیہ کے ذریعہ ایف آر درج کرائی گئی ہے ، جس میں شاشوت پر بغیر اجازت جلوس نکالنے کا الزام ہے۔ جلوس میں ڈی جے پر فحش گانے بجانے اور تشدد بھڑکانے کا بھی الزام ہے۔
واضح رہے کہ 17 مارچ بروز ہفتہ بھاگلپور میں اس وقت فساد ہوا تھا جب دو فرقوں کے لوگ ناتھ نگر میں آپس میں بھڑ گئے۔ اس کے بعد جم کر پتھربازی اور آگزنی کی گئی۔ الزام ہے کہ ایک فریق کی طرف سے کئی راؤنڈ فائرنگ بھی کی گئی۔ شرپسندوں نے کئی گاڑیاں جلا دیں اور دکانوں میں بھی توڑ پھوڑ کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 19 Mar 2018, 9:42 PM