ہندو مذہب کو لے کر متنازعہ ٹوئٹ کرنے والے کنڑ اداکار چیتن کمار کو بنگلورو پولیس نے کیا گرفتار

چیتن کمار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ’ہندوتوا‘ کے وجود کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا، چیتن کے اس ٹوئٹ کے بعد ہندوتوا ذہنیت والوں نے انھیں سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔

<div class="paragraphs"><p>چیتن کمار، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

چیتن کمار، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

کنڑ فلم کے مشہور و معروف اداکار چیتن کمار کو بنگلورو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ انھیں پولیس نے ہندو مذہب کے خلاف متنازعہ ٹوئٹ کرنے کی وجہ سے گرفتار کیا ہے۔ دراصل انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں ’ہندوتوا‘ کے وجود کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا تھا۔ چیتن کمار کے اس ٹوئٹ کے بعد ہندوتوا ذہنیت والوں نے انھیں سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا، اور اب ان کے خلاف پولیس کارروائی بھی ہو گئی ہے۔

چیتن کمار نے 20 مارچ یعنی پیر کے روز اپنے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے ہندوتوا اور ہندو مذہب کو لے کر متنازعہ ٹوئٹ کیا تھا۔ چیتن نے اس ٹوئٹ میں ان پہلوؤں کو نشان زد کیا ہے جس کی وجہ سے وہ ہندوتوا کو جھوٹ پر مرکوز ہونے کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ ٹوئٹ میں چیتن کمار نے لکھا تھا کہ ’’ہندوتوا پورا جھوٹ پر بنا ہوا ہے۔ ساورکر: ہندوستانی ملک تب شروع ہوا جب رام نے راون کو ہرایا اور ایودھیا واپس لوٹے- ایک جھوٹ۔ 1992: بابری مسجد رام جنم بھومی ہے- ایک جھوٹ۔ 2023: اریگوڑا-نانجیگوڑا ٹیپو کے قاتل ہیں- ایک جھوٹ۔ ہندوتوا کو سچائی سے ہرایا جا سکتا ہے۔‘‘


ہندو مذہب کے خلاف ان متنازعہ الفاظ کے سبب کنڑ فلم اداکار چیتن کمار کو منگل کے روز بنگلورو کے شیسادریپورم پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ حالانکہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب چیتن کمار نے کوئی متنازعہ ٹوئٹ کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی ہندو مذہب کو لے کر وہ اپنے بیانات کے سبب سرخیوں میں رہے ہیں۔ ہندو مذہب کو لے کر ان کے تازہ ٹوئٹ پر ہندو تنظیموں میں زبردست ناراضگی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بجرنگ دل کے ایک لیڈر نے چیتن کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔