بنگال پولیس نے اغوا کرنے کے بین الاقوامی ریکٹ کو بے نقاب کیا
ایک سینئر افسر بتایا کہ بین الاقوامی اغوا کے اس معاملے میں نہ صرف تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، بلکہ ساتھ ہی ان کے چنگل میں پھنسے 18 نوجوانوں کو بھی بچایا گیا ہے۔
کولکتہ: مغربی بنگال پولیس نے امریکہ میں نوکریوں کے نام پر نوجوانوں کو اغوا کرنے کے ایک بین الاقوامی ریکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا ہے۔ ودھان نگر پولس کمشنر کے دفتر کے ایک سینئر افسر نے اتوار کو بتایا کہ بین الاقوامی اغوا کے اس معاملے میں نہ صرف تین بدمعاشوں کو گرفتار کیا گیا ہے، ساتھ ہی ان کے چنگل میں پھنسے 18 نوجوانوں کو بھی بچایا گیا ہے۔ ان نوجوانوں کو مبینہ طور پر زیادہ معاوضوں پر ملازمت کے بہانے کولکتہ لایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہریانہ کے رہنے والے نریش کمار نے 16 ستمبر کو این ایس سی بی آئی اے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ اس کے بیٹے کو امریکہ میں نوکری دلانے کے بہانے کولکتہ لایا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ سے اس کا ٹھکانہ معلوم نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان بدمعاشوں کے مطالبہ پر انہیں تقریباً 40 لاکھ روپے دیئے ہیں جنہوں نے اس کے ساتھ یہ دھوکہ دیا۔
موصول ہونے والی شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ائرپورٹ کے قریب کے علاقے میں چھاپہ مارا اور تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ جب ان بدمعاشوں سے سختی سے پوچھ گچھ کی گئی تو انہوں نے لڑکوں کے بارے میں اطلاع دی اور اس کے بعد پولیس نے ان نوجوانوں کو اسی گھر میں بند جگہ سے باہر نکالا۔ بچائے گئے نوجوانوں میں سے آٹھ کو گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے کیونکہ وہ طویل عرصے تک نظربند ہونے کی وجہ سے کافی ذہنی دباؤ میں تھے۔ دس نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے تاکہ معاملے کی تہہ تک پہنچا جا سکے۔
پولیس اہلکار نے کہا کہ یہ بدمعاش بنیادی طور پر پنجاب اور ہریانہ کے نوجوانوں کو امریکہ میں زیادہ معاوضہ پر نوکری دلانے کے بہانے کولکتہ لاتے تھے۔ اس کے بعد انہیں نیتا جی سبھاش چندر بوس بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک ہوٹل میں دو تین دنوں تک رکھا گیا۔ اس کے بعد انہیں قریبی گھر بھیج دیا گیا۔ پورے معاملے کا انکشاف اور اس میں ملوث دیگر شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے ابھی تفتیش جاری ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔