شہریت قانون مخالف مظاہرہ میں ملکیت کو نقصان پہنچانے والے کو گولی مار دیں گے: دلیپ گھوش

مغربی بنگال بی جے پی صدر دلیپ گھوش نے شہریت قانون کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے خلاف متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوامی ملکیت کو نقصان پہنچانے والے لوگوں کو یو پی کی طرح گولی مار دی جائے گی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال بی جے پی کے صدر دلیپ گھوش نے شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور این آر سی کے خلاف مظاہرہ کرنے والے لوگوں سے متعلق انتہائی متنازعہ بیان دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دیدی (ممتا بنرجی) کی پولس نے ان لوگوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جنھوں نے عوامی ملکیت کو نقصان پہنچایا تھا۔ اتر پردیش، آسام اور کرناتک میں ہماری حکومت نے ایسے لوگوں کو کتوں کی طرح مارا ہے۔ دلیپ گھوش نے مزید یہ بھی کہا کہ ’’آپ یہاں آئیں گے، ہمارا کھانا کھائیں گے اور یہاں رہ کر عوامی ملکیت کو نقصان پہنچائیں گے۔ کیا یہ آپ کی زمینداری ہے؟ ہم آپ کو لاٹھی سے پیٹیں گے، گولی مار دیں گے، جیل میں بند کر دیں گے۔‘‘


دلیپ گھوش نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ریاست میں شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ہوئے مظاہروں میں عوامی ملکیت کو کافی نقصان پہنچایا گیا لیکن ممتا بنرجی نے مظاہرین پر نہ ہی لاٹھی چارج کرایا اور نہ ہی گولی چلانے کا حکم دیا، ایسا اس لیے کیونکہ وہ لوگ ان کے ووٹر ہیں۔ انھوں نے آگے کہا کہ ’’جو لوگ ملکیت کو نقصان پہنچا رہے ہیں کیا یہ ان کے باپ کی جاگیر ہے۔ مظاہرین ٹیکس دینے والوں کے پیسوں سے بنی عوامی ملکیت کو نقصان کس طرح پہنچا سکتے ہیں۔ اتر پردیش، آسام اور کرناٹک حکومت نے ملک مخالف عناصر پر گولی چلا کر بالکل صحیح کیا۔‘‘

اس دوران انھوں نے دعویٰ کیا کہ ملک میں دو کروڑ مسلم درانداز ہیں۔ ایک کروڑ تو صرف مغربی بنگال میں ہیں اور ممتا بنرجی انھیں بچانے کی کوشش کر رہی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔