پارلیمانی اجلاس سے قبل کانگریس سرگرم، یو سی سی پر سونیا گاندھی کی صدارت میں اجلاس طلب

لا کمیشن نے ملک میں یکساں سول کوڈ یعنی یو سی سی کے حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے اور ملک کے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ 15 جولائی سے پہلے اپنی تحریری تجاویز دیں

سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
سونیا گاندھی، تصویر @INCIndia
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: لا کمیشن آف انڈیا کے نوٹیفکیشن کے بعد پورے ملک میں یکساں سول کوڈ پر بحث شروع ہو گئی ہے۔ ایسے میں ملک کی سب سے پرانی سیاسی پارٹی کانگریس کا موقف کیا ہوگا اس پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔ ایسے میں کانگریس پارلیمانی کمیٹی ہفتہ (یکم جولائی) کو 10 جن پتھ پر شام 5 بجے سونیا گاندھی کی صدارت میں اجلاس منعقد ہوگا۔

اس اجلاس میں پارلیمنٹ میں اٹھائے جانے والے مسائل پر بحث کے علاوہ کانگریس یو سی سی پر اپنے موقف پر بھی بات کرنے والی ہے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس یو سی سی کے حوالے سے 3 جولائی کو اپنے تمام لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کرنے جا رہی ہے۔ کانگریس کے معتبر ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ہونے والی میٹنگ میں یکساں سیول کوڈ پر 3 جولائی کو ہونے والی میٹنگ کا خاکہ طے کیا جائے گا۔


یکساں سول کوڈ کا مسئلہ آہستہ آہستہ سرخیوں اور بحث کا موضوع بننے لگا ہے جب سے لاء کمیشن نے ملک کے لوگوں سے اس پر تجاویز دینے کو کہا ہے۔ گزشتہ ماہ ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے لاء کمیشن نے 15 جولائی سے پہلے اس معاملے پر لوگوں سے تحریری تجاویز مانگی تھیں لیکن یہ مسئلہ اس وقت زور پکڑ گیا جب پی ایم مودی نے اپنے بیان کے ذریعے اپنے کارکنوں اور اپوزیشن کو اس بارے میں واضح پیغام دیا۔

وزیر اعظم مودی نے بھوپال میں میرا بوتھ سب سے مضبوط پروگرام میں کارکنوں سے کہا تھا کہ ایک گھر دو قانون سے نہیں چل سکتا، ایک گھر صرف ایک قانون سے چلے گا۔ ان کا یہ بیان نہ صرف پارٹی کارکنوں بلکہ اپوزیشن کو بھی واضح پیغام تھا کہ آنے والے دنوں میں بی جے پی یکساں سول کوڈ پر قدم اٹھانے والی ہے۔ دوسری جانب بی جے پی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مانسون اجلاس میں بی جے پی یو سی سی کا مسودہ ملک کی پارلیمنٹ میں پیش کرسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔