’لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے انہیں پی ایم آواس یوجنا کے تحت مکانات دیے جائیں‘، اروندر سنگھ لولی کا مطالبہ
کھجوری خاص میں لوگوں کے مکانات بغیر نوٹس منہدم کرنا ایک غیر انسانی عمل ہے، کانگریس پارٹی ان بے سہارا لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر لڑے گی۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی نے پارٹی دفتر میں منعقدہ کارکنوں کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ڈی اے کی طرف سے کھجوری خاص میں لوگوں کے مکانات کو بغیر نوٹس دیے گرانا ایک غیر انسانی عمل ہے۔ کانگریس پارٹی ان بے سہارا لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں انصاف دلانے کے لیے مرکزی حکومت کے خلاف ان کے ساتھ مل کر لڑے گی۔ جن لوگوں کے گھروں کو منہدم کیا گیا ہے وہ لوگ کھجوری خاص میں 11-12 سال سے رہ رہے تھے۔ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اترکاشی میں درجنوں لوگوں کی جانیں بچانے والے ’ریٹ ہول مائنر‘ وکیل حسن کو عزت دینے کے بجائے مرکزی حکومت کے محکمہ ڈی ڈی اے نے ان کے گھر کو منہدم کر دیا۔
اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ وکیل حسن کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت دور کے علاقے میں مکان دینے کا آفر دیا گیا جسے انہوں نے اس لیے ٹھکرا دیا ہے کہ ان کے بچے کھجوری خاص میں پڑھتے ہیں اور ان کا ذریعہ معاش وہیں ہے۔ اس لیے انہیں ان کے ہی علاقے میں مکان دیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ صرف ریٹ ہول مائینر وکیل حسن کو ہی نہیں بلکہ ان تمام لوگوں کو پی ایم آواس یوجنا کے تحت گھر دیا جائے جن کے گھروں کو منہدم کیا گیا ہے۔
دہلی کانگریس کے صدر نے کہا کہ گزشتہ 2 لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی اپنی انتخابی مہم میں ’جہاں گھر وہیں مکان اسکیم‘ کے تحت غریبوں کو مکان فراہم کرنے کا وعدہ کرتی رہی جسے ابھی تک پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کھجوری خاص میں بھوک ہڑتال پر بیٹھے لوگوں کے اس مطالبے کی حمایت کرتی ہے کہ جہاں ان کے گھر تھے وہیں ان کو مکانات دیے جائیں۔ کانگریس کی یو پی اے حکومت میں جھونپڑوں میں رہنے والوں کے لیے کالکاجی، کٹھ پتلی کالونی اور وزیر پور میں مکانات بنا کر دینے کی اسکیم شروع کی گئی تھی۔
اروندر سنگھ لولی نے کہا کہ ڈی ڈی اے کی کارروائی سے وہاں رہنے والے بچوں کا مستقبل متاثر ہوا ہے کیونکہ یہ امتحان کا وقت ہے اور ان کے بے گھر ہونے کی وجہ سے وہ سڑکوں پر آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریلا میں حکومت جو مکانات دینے کی بات کر رہی ہے وہ بھی کانگریس حکومت کے دوران راجیو رتن آواس یوجنا کے تحت بنائے گئے تھے۔ لولی نے کہا کہ کانگریس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت دہلی میں ہی جھگی جھونپڑیوں کے لیے مکانات بنائے اور لوگوں کو بے گھر کرنے سے پہلے ان کے رہنے کے لیے متبادل انتظام کرے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔