15 اگست کے پیش نظر کانگریس نے پنڈت نہرو اور ترنگا کو 'ڈی پی' میں دی جگہ

جئے رام رمیش نے آر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 1929 کے لاہور اجلاس میں راوی ندی کے ساحل پر پرچم لہراتے ہوئے پنڈت نہرو نے کہا تھا، ایک بار پھر آپ کو یاد رکھنا ہے کہ اب یہ پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کانگریس پارٹی نے 15 اگست سے پہلے ہاتھ میں ترنگا لیے جواہر لال نہرو کی تصویر کو اپنی ڈی پی پر لگا کر آزادی کے 75 سال کا جشن منانے کا آغاز کر دیا ہے۔ سینئر کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے اپنی پروفائل تصویر کو بدل کر جواہر لال نہرو کی تصویر لگاتے ہوئے شروعات کی ہے اور راہل گاندھی و پرینکا گاندھی سمیت پارٹی کے دیگر لیڈران نے بھی اپنی ڈی پی بدل دی ہے۔

جئے رام رمیش نے آر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سال 1929 کے لاہور اجلاس میں راوی ندی کے ساحل پر پرچم لہراتے ہوئے پنڈت نہرو نے کہا تھا، ایک بار پھر آپ کو یاد رکھنا ہے کہ اب یہ پرچم لہرا دیا گیا ہے۔ جب تک ایک بھی ہندوستانی مرد، عورت، بچہ زندہ ہے، یہ ترنگا جھکنا نہیں چاہیے۔ ملک کے باشندوں نے ایسا ہی کیا۔ جئے رام رمیش نے مزید کہا کہ ہم ہاتھ میں ترنگا لیے اپنے لیڈر نہرو کی ڈی پی لگا رہے ہیں، لیکن لگتا ہے وزیر اعظم کا پیغام ان کے کنبہ تک ہی نہیں پہنچا۔ جنھوں نے 52 سالوں تک ناگپور میں اپنے ہیڈکوارٹر میں پرچم نہیں لہرایا، وہ کیا وزیر اعظم کی بات مانیں گے؟


اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے سبھی ملکی باشندوں سے آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر 2 اگست سے لے کر 15 اگست کے درمیان اپنے گھروں میں قومی پرچم لہرا کر یا ترنگے کو سوشل میڈیا پروفائل میں لگا کر ہر گھر ترنگا مہم میں شامل ہونے کی اپیل کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔