یوپی اسمبلی انتخابات: پہلے مرحلہ میں 9 وزرا کی قسمت کا فیصلہ ہوگا

اس مرحلہ میں متھرا سے سری کانت شرما، غازی آباد سے اتل گرگ، تھانہ بھون سے سریش رانا، مظفرنگر سے کپل دیو اگروال اور اترولی سے سندیپ سنگھ کی قسمت داؤ پر ہے۔

ووٹنگ مشین، علامتی تصویر آئی اے این ایس
ووٹنگ مشین، علامتی تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلہ کے تحت جمعرات 10 فروری کو پولنگ ہوگی اور عوام متعدد وزرا سمیت کئی بی جے پی لیڈران کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔ پہلے مرحلہ کے دوران مغربی یوپی کے 11 اضلاع کی 58 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ اس مرحلہ میں یوگی آدتیہ ناتھ حکومت میں 9 وزرا متھرا سے سری کانت شرما، غازی آباد سے اتل گرگ، تھانہ بھون سے سریش رانا، مظفرنگر سے کپل دیو اگروال اور اترولی سے سندیپ سنگھ کی قسمت داؤ پر ہے۔

دیگر وزرا میں چھاتا سے لکشمی نارائن چودھری، شکار پور سے انل شرما، آگرہ کینٹ سے جی ایس دھرمیش اور ہستناپور سے دنیش کھٹیک شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر اہم ناموں میں آگرہ دیہات سے اتراکھنڈ کی سابق گورنر بے بی رانی موریہ، نوئیڈا سے یوپی بی جے پی کے نائب صدر پنکج سنگھ اور کیرانہ سے مرگانکا سنگھ شامل ہیں۔


گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے پہلے مرحلے میں تقریباً تمام اسمبلی سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی۔ پانچ سال پہلے، بی جے پی نے 58 میں سے 53 سیٹیں جیتی تھیں، جبکہ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) نے دو دو اور راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے ایک سیٹ پر قبضہ کیا تھا۔ حکمراں بی جے پی کا براہ راست مقابلہ ایس پی اور آر ایل ڈی اتحاد سے ہے، جبکہ کچھ حلقوں میں بی ایس پی کا بھی اثر ہے۔

مغربی اتر پردیش میں انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں نے گنا، جناح، 2013 کے فسادات، ریاست میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر مسائل کو اٹھایا۔ بی جے پی کی طرف سے کیرانہ اور علاقے سے بڑے پیمانے پر ہونے والی نقل مکانی کا مسئلہ بار بار اٹھایا گیا۔


یہ 58 سیٹیں 11 اضلاع گوتم بدھ نگر، غازی آباد، مظفر نگر، متھرا، علی گڑھ، میرٹھ، شاملی، باغپت، ہاپوڑ، بلند شہر اور آگرہ میں پھیلی ہوئی ہیں۔ اتر پردیش اسمبلی انتخابات 7 مرحلوں میں 10 فروری سے شروع ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔