بریلی: ایس ایس پی آفس میں قرض سے پریشان تاجر نے کی خودکشی
تاجر کے مطابق قرض کے بدلے میں وہ راجیو کو چار لاکھ روپئے دے چکا تھا اس کے بعد بھی وہ اور اشوک کمار ان پر بقایا بتا رہے تھے۔ قرض کے نام پر ان لوگوں نے اس کا مکان بھی اپنے نام لکھوا لیا۔
بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی میں ریٹائرڈ داروغہ اور اس کے سود خور رشتے دار سے پریشان فرنیچر کاروباری نے ایس ایس پی آفس احاطے میں زہر کھا کر خودکشی کرلی۔
سپرنٹنڈنٹ آف پولس (دیہات) سنسار سنگھ نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ سبھاش نگر علاقے میں بی ڈی اے کالونی کرگینا میں رہنے والے ہری پرساد مینا (60) نے دو سال پہلے ایک ریٹائرڈ داروغہ کے رشتے دار راجیو سکسینہ سے سود پر ڈیڑھ لاکھ روپئے لئے تھے۔ تاجر کے مطابق اس قرض کے بدلے میں وہ راجیو کو چار لاکھ روپئے دے چکا تھا اس کے بعد بھی راجیو و اس کا ریٹائرڈ داروغہ اشوک کمار ان پر بقایا بتا رہے تھے۔ قرض کے نام پر ان لوگوں نے اس کا مکان بھی اپنے نام لکھوا لیا۔
انہوں نے بتایا کہ بدھ کے روز پریشان تاجر دوپہر تقریباً دو بجے ایس ایس پی آفس پہنچا تھا جہاں اس نے زہرہ کھا لیا لیکن اس نے وہاں موجود لوگوں کو نہیں بتایا۔ لیکن بعد میں زہریلی دوا کے پیکٹ کو دیکھ کر لوگوں کو شبہ ہوا۔ اسی درمیان ہری پرساد کی طبیعت بگڑنے لگی جسے دیکھ کر پولس نے انہیں علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا جہاں دیر رات تاجر نےدم توڑ دیا۔
سنگھ نے بتایا کہ تاجر کے پاس ملے سوسائڈ نوٹ میں اس نے خود کو قرض سے پریشان بتایا ہے۔ اس نے لکھا ہے کہ ’میں کبھی بھی خودکشی کر سکتا ہوں۔ میرے مر جانے پر ملزموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے‘۔
انہوں نے بتایا کہ ریٹائرڈ داروغہ اشوک کمار اور اس کے رشتے دار راجیو سکسینہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ہری پرساد کے بیٹے وجے نے بتایا کہ ریٹائرڈ داروغہ و اس کا رشتے دار محض 15۔20 ہزار روپئے کے لئے ہری پرساد کو پریشان کر رہے تھے۔ دو روز پہلے ان لوگوں نے گھر کر ان کے ساتھ مارپیٹ بھی کی تھی، اسی لئے انہوں نے پریشان ہوکر خودکشی کرلی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔