بریلی: پولیس نے کی آر ایس ایس کے پرچارک کی پٹائی، انسپکٹر معطل
سرکل آفیسر آشیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ سبھاش نگر تھانے میں دو کانسٹیبلوں سمیت دس پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے بعد آر ایس ایس کے کارکن خاموش ہوگئے ہیں۔
بریلی: اتر پردیش کے بریلی میں سڑک پر سائڈ نہ ملنے سے ناراض ایک پولس افسر نے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے پرچارک کو یرغمال بناکر اس کی پٹائی کی، حالانکہ وہ اپنا تعارف کرواتا رہا۔ اس نے کہا کہ اس کی والدہ اسپتال میں بھرتی ہیں اور انہیں دیکھنے جانا ہے۔ اس کے باوجود پولیس نے اسے ڈیڑھ گھنٹے تک پولیس چوکی میں بٹھا کر رکھا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی رات پیش آیا۔ اس کی اطلاع ملتے ہی آر ایس ایس کارکنوں نے تھانے میں ہنگامہ کیا۔ مقامی ایم پی اور ایم ایل اے نے جائے واقع پر پہنچ کر بدایوں روڈ کو بلاک کر دیا۔ آدھی رات تک جاری رہنے والے ہنگامے کے درمیان دو پولس اہلکاروں اور آٹھ کانسٹیبلوں کے خلاف اغوا، یرغمالیوں کو مارنے، دھمکیاں دینے کا الزام لگاتے ہوئے شکایت درج کرائی گئی۔
سرکل آفیسر آشیش پرتاپ سنگھ نے بتایا کہ تحریر پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم انسپکٹر انکت کمار کو معطل کر دیا گیا۔ جمعرات کی رات دیر گئے سبھاش نگر تھانے میں دو کانسٹیبلوں سمیت دس پولیس اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے بعد آر ایس ایس کے کارکن خاموش ہوگئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق بریلی کے بدایوں مارگ کے رہنے والے آریندر آر ایس ایس کے متھرا شہر کے پرچارک ہیں۔ والدہ کی خرابی صحت کی وجہ سے وہ کچھ دن پہلے بریلی میں اپنے گھر آئے تھے۔ وہ جمعرات کی شام دیر گئے اسپتال سے واپس لوٹ رہے تھے۔ راستے میں ڈاکٹر کا فون آیا تو موٹر سائیکل اسپتال کی طرف موڑ دی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔