بریلی میں داروغہ کے گھر ڈکیتی!

بدمعاشوں نے سبھی کو ایک کمرے میں بند کرنے کے بعد گھر کی تلاشی لی جبکہ ایک بدمعاش یرغمالوں پر بندوق تانے کھڑا رہا۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک گھر میں رہنے کے بعد بدمعاش سب کو کمرے میں بند کر کے فرار ہوگئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بریلی: اترپردیش میں بریلی کے پریم نگر علاقے کی شاستری نگر کالونی میں بدمعاشوں نے ایک داروغہ کےگھر میں گھس کر گھروالوں کو بندی بنایا اور لاکھوں روپے کی نقدی اور زیورات لے کر فرار ہوگئے۔

نائب پولیس انسپکٹر جنرل راجیش پانڈے نے بدھ کو یہاں بتایا کہ پریم نگر علاقے کے شاستری نگر کالونی کے رہنے والے پشکر سنگھ پیلی بھیت کے امریا تھانہ انچارج کے عہدے پر تعینات ہیں۔ شاستری نگر میں ان کی بیوی روچی گنگوار، چھ سالہ بیٹی اننیا اور دس سالہ بیٹا پرنو رہتے ہیں۔ گھر میں پریم شنکر شرما کا خاندان اور ضلع اسپتال کی نرس تنوجا بھٹ کرائے پر رہتی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ منگل کی رات میں کسی نے پشکر سنگھ کے بریلی میں واقع گھر کے دروازے پردستک دی۔ ان کی بیوی روچی نے دروازہ کھولا تو دو لوگ کود کو کرائم برانچ کا بتاتے ہوئے اندر گھس آئے۔ انہوں نے سبھی کی آئی ڈی مانگی۔ اس دوران چار دیگر لوگ بھی اندر آگئے۔ داروغہ کی بیوی کو شک ہوا تو وہ چلائی۔ اس پر ایک بدمعاش نے اسے تھپڑ مارکر گرا دیا اور سبھی نے اپنی پستول نکال لی۔ ماں بیٹی دونوں کو ایک کمرے میں لے جانے کے بعد چار بدمعاش اوپر گئے۔ وہاں سے کرائےدار پریم شنکر شرما اور ان کی بیوی شوبھا شرما کو یرغمال بناکر نیچے آئے۔

بدمعاشوں نے سبھی کو ایک کمرے میں بند کرنے کے بعد پورے گھر کی تلاشی لی جبکہ ایک بدمعاش یرغمالوں پر بندوق تانے کھڑا رہا۔ تقریباً آدھے گھنٹے تک گھر میں رہنے کے بعد بدمعاش سب کو کمرے میں بند کر کے فرار ہوگئے۔ اس کے بعد روچی نے کسی طرح دروازہ کھولا اور باہر آکر شور مچایا۔ پڑوسیوں کے آنے کے بعد اس واقعہ کی اطلاع اپنے شوہر پشکر سنگھ اور مقامی پولیس کو دی۔


داروغہ کے گھر ڈکیتی کی اطلاع ملتے ہی سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ شیلیش پانڈے سمیت کئی تھانوں کی پولیس موقع پر پہنچی۔ گھروالوں سے پوچھ گچھ کی۔ گھروالوں کے ساتھ بات چیت کی بنیاد پر پولیس کا اندازہ ہے لوٹ کی واردات کو کسی مقامی گینگ نے ہی انجام دیا ہے۔ معاملے کی جانچ کی جارہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔