للت مودی کو فرار کرانے والی بانسری سوراج نئی دہلی سے بی جے پی کی امیدوار: سومناتھ بھارتی
سومناتھ بھارتی کا کہنا ہے للت مودی کی وکیل رہیں بانسری سوراج نے ان کے پاسپورٹ کی تجدید کروائی اور انہیں بیرون ملک بھیج دیا۔ خود للت مودی نے ٹویٹ کرکے بانسری سوراج کا شکریہ ادا کیا تھا۔
بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے لوک سبھا کے امیدوار سومناتھ بھارتی نے کہا ہے کہ للت مودی کو ملک سے بھاگنے میں مدد کرنے والی بانسری سوراج کو بی جے پی نے نئی دہلی سے لوک سبھا کا اپنا امیدوار بنایا ہے۔ للت مودی کی وکیل رہیں بانسری سوراج نے عدالت کے فیصلے سے پہلے ان کے پاسپورٹ کی تجدید کروائی اور انہیں بیرون ملک بھیج دیا۔ خود للت مودی نے بھی ٹویٹ کرکے بانسری سوراج کا شکریہ ادا کیا تھا۔
عام آدمی پارٹی کے امیدوار سومناتھ بھارتی نے مزید کہا کہ بی جے پی نے اب ملک کو ہزاروں کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے والے للت مودی کو بیرون ملک فرار ہونے میں مدد کرنے والی بانسری سوراج کو نئی دہلی سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ بانسری سوراج کو بتانا چاہیے کہ کیا للت مودی جیسے شخص کو بچانا غداری نہیں ہے اور کیا بی جے پی نے ان سے مدد کرنے کے لئے کہا تھا؟
انہوں نے کہا کہ بی جے پی خود کو محب وطن ثابت کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہے، لیکن اس میں کامیاب نہیں ہوتی۔ بی جے پی سے کوئی سوال پوچھو تو وہ اس کا جواب نہیں دیتی۔ پورا ملک جانتا ہے کہ للت مودی نے ملک کو دھوکہ دیا ہے۔ للت مودی نے ملک میں ہزاروں کروڑ روپے کا گھپلہ کیا اور آج وہ قانون سے بچنے کے لیے ملک سے فرار ہے۔ ایسی حالت میں اسے فرار ہونے میں کس نے مدد کی؟ اس کے فرار کا ذریعہ کون بنا؟ عدالت میں کس نے دلائل دیے؟ یہ نئی دہلی سے بی جے پی کے امیدوار بانسری سوراج ہیں جنہوں نے عدالت میں للت مودی کی پیروی کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔