مظفر نگر ضلع میں اساتذہ کے جینس اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی، ضلع اسکول انسپکٹر کے ذریعہ حکم جاری
ضلع اسکول انسپکٹر نے مردوں کے ساتھ ساتھ خاتون اساتذہ کو بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ ساڑیاں یا سوٹ پہن کر اسکول آتی ہیں تو وہ لباس بھی مہذب ہو۔
جینس اور ٹی شرٹ پہننا آج کل عام بات ہو گئی ہے۔ اسکولوں کے اساتذہ بھی اکثر جینس اور ٹی شرٹ پہنے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔ لیکن مظفر نگر ضلع کے اساتذہ کو اب مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کیونکہ اسکولی اوقات میں ان کے جینس اور ٹی شرٹ پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ضلع کے ڈی آئی او ایس نے متنبہ کیا ہے کہ اگر درجہ 6 سے 12 تک کے کسی بھی اسکول و کالج میں کوئی بھی استاد اگر جینس و ٹی شرٹ یا پھر ٹائٹ کپڑے پہن کر اسکول پہنچتا ہے تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : بی جے پی کو رعنا ایوب پر غصہ کیوں آتا ہے؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسکولوں میں ڈسپلن کو لے کر مظفر نگر کے ضلع اسکول انسپکٹر راجندر کمار نے یہ حکم جاری کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں اب اساتذہ مہذب کپڑے پہن کر پہنچیں گے۔ اساتذہ اسکولوں میں چٹکدار اور ٹائٹ کپڑے، مثلاً جینس و ٹی شرٹ پہن کر نہیں آئیں گے۔ اگر کوئی ٹیچر ان احکامات پر عمل نہیں کرے گا تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔
ضلع اسکول انسپکٹر نے مردوں کے ساتھ ساتھ خاتون اساتذہ کو بھی متنبہ کیا ہے کہ اگر وہ ساڑیاں یا سوٹ پہن کر اسکول آتی ہیں تو وہ بھی مہذب ہونی چاہئیں۔ یعنی کپڑے بہت ٹائٹ نہیں ہونے چاہئیں، کیونکہ اسکولوں میں بچوں کے لیے اساتذہ رول ماڈل ہوتے ہیں۔ اس سلسلے میں مزید جانکاری دیتے ہوئے راجندر کمار نے بتایا کہ یہ ڈسپلن کا معاملہ ہے اور اسکولوں میں ڈسپلن بہت ضروری ہے۔ ڈسپلن کی صرف بچوں سے ہی امید نہیں کرنی چاہیے، بلکہ اساتذہ سے بھی اس کی امید کی جانی چاہیے تاکہ بچوں پر اس کا مثبت اثر پڑے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔