پی ایف آئی پر پابندی: جمعہ کے پیش نظر یوپی، مہاراشٹر اور کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں الرٹ، حساس علاقوں کی سیکورٹی میں اضافہ
پاپولر فرنٹ آف انڈیا یعنی پی ایف آئی پر اگلے 5 سال تک کے لیے پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس تنظیم پر پابندی کے بعد آج پہلا جمعہ ہے، جس کے پیش نظر کئی ریاستوں میں سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے
نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب سے پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد تنظیم کے دفاتر کو بند کر دیا گیا ہے اور کئی مقامات پر پولیس اہلکار بھی تعینات کر دئے گئے ہیں۔ اے بی پی نیوز کی رپورٹ کے مطابق آج جمعہ کے پیش نظر کئی ریاستوں میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کیا گیا ہے۔ یوپی، دہلی، اتراکھنڈ، کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک جیسی ریاستوں میں سیکورٹی بڑھائی گئی ہے۔ جبکہ علما نے امن و امان برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔
خیال رہے کہ پی ایف آئی پر پابندی عائد ہونے کے بعد کئی شہروں میں احتجاج کیا گیا تھا۔ پی ایف آئی پر چھاپہ ماری کے درمیان گزشتہ جمعہ کو بھی احتجاج و مظاہرہ کیا گیا تھا۔ تاہم اب پی ایف آئی کو کالعدم قرار دیا جا چکا ہے، لہذا پولیس اور انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔ مرکزی سیکورٹی ایجنسیوں کی جانب سے الرٹ ملنے کے بعد پولیس نے حساس علاقوں میں چوکسی بڑھا دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس اتر پردیش، دہلی، اتراکھنڈ، راجستھان، مہاراشٹر، کیرالہ، تمل ناڈو، کرناٹک سمیت کئی ریاستوں میں چوکس ہے اور حساس مقامات کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ کچھ مقامات پر حسب ضرورت تعیناتی بڑھائی جا رہی ہے اور مذہبی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کی جا رہی ہیں۔ دریں اثنا، علائے دین لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ جمعہ کی نماز کے بعد کوئی ایسا کام نہ کریں جو قانون کے خلاف ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔