انتخابی ریلیوں پر پابندی میں 11 فروری تک توسیع، لیکن 1000 لوگوں کے ساتھ جلسہ کی اجازت، الیکشن کمیشن کی نئی گائیڈلائنس جاری

الیکشن کمیشن کی تازہ گائیڈلائن میں بتایا گیا ہے کہ 500 لوگوں کے ساتھ اِن ڈور میٹنگ کی جا سکتی ہے اور 20 لوگوں کے ساتھ گھر گھر جا کر انتخابی تشہیر کی بھی اجازت ہوگی۔

الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
الیکشن کمیشن، تصویر یو این آئی
user

تنویر

ہندوستان کی کچھ ریاستوں میں کورونا انفیکشن کی رفتار دھیمی پڑتی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ ایسے میں انتخابی کمیشن نے پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیاسی پارٹیوں کو تشہیر کے لیے کچھ نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ میٹنگ کے بعد حالانکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی ریلیوں پر پابندی میں 11 فروری تک توسیع کرنے کا اعلان کیا ہے، لیکن اب 1000 لوگوں کے ساتھ جلسہ کرنے کی اجازت سیاسی پارٹیوں کو مل گئی ہے۔ اتنا ہی نہیں، 500 لوگوں کے ساتھ اِن ڈور میٹنگ کرنے اور 20 لوگوں کے ساتھ گھر گھر جا کر انتخابی تشہیر کرنے کی اجازت بھی الیکشن کمیشن نے دی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے گزشتہ 8 جنوری کو اتر پردیش، اتراکھنڈ، گوا، پنجاب اور منی پور کے لیے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کے دوران ریلی اور روڈ شو پر پابندی لگا دی تھی۔ گزشتہ 22 جنوری کو ہوئی گزشتہ میٹنگ کے دوران کمیشن نے پانچوں ریاستوں میں ریلی اور روڈ شو پر جاری پابندی کو 31 جنوری تک بڑھا دی تھی۔ اب حالات کچھ بہتر ہونے کے بعد جن اسمبلی حلقوں میں پہلے دو مراحل میں ووٹنگ ہونی ہے، وہاں زیادہ سے زیادہ 500 لوگوں کی موجودگی میں اِن ڈور میٹنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔


قابل ذکر ہے کہ اتر پردیش، اتراکھنڈ گوا، پنجاب اور منی پور میں اسمبلی انتخاب 10 فروری سے سات مراحل میں ہوں گے۔ ووٹوں کی گنتی 10 مارچ کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے 10 فروری صبح 7 بجے سے 7 مارچ شام 6.30 بجے تک کسی بھی طرح کے ایگزٹ پول پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔ اتر پردیش کے چیف الیکٹورل افسر اجے کمار شکلا نے بتایا کہ اس دوران نہ تو ایگزٹ پول پرنٹ میڈیا میں شائع کیا جائے گا اور نہ ہی الیکٹرانک میڈیا میں اس کے نشریہ کی اجازت ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔