بی جے پی رکن اسمبلی نے ڈاکٹروں کو بتایا ’شیطان‘ اور صحافیوں کو ’دَلال‘

بلیا سے بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے ڈاکٹروں کو ’شیطان‘ اور صحافیوں کو ’دلال‘ بتایا ہے۔ پیر کے روز ’یوم معالج‘ کے موقع پر منعقد پروگرام میں اپنی تقریر کے دوران انھوں نے یہ شرمناک بیان دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اپنے متنازعہ بیانات کے لیے مشہور بی جے پی کے بلیا سے رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے اب ڈاکٹروں کو ’شیطان‘ اور صحافیوں کو ’دلال‘ کہا ہے۔ پیر کے روز یوم معالج یعنی ڈاکٹرس ڈے پر منعقد ایک تقریب میں تقریر کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر شیطان کی طرح ہوتے ہیں جو غریبوں کی خدمت نہیں کرتے۔

سریندر سنگھ نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’سرکاری اسپتالوں میں کام کرنے والے ڈاکٹرس مریضوں سے ’مول بھاؤ‘ کرتے ہیں اور وہ شیطان بن گئے ہیں۔ میں بھگوان سے دعا کرتا ہوں کہ وہ انھیں عقل دے۔‘‘ سریندر سنگھ نے اس کے بعد اپنا غصہ صحافیوں پر اتارا۔ انھوں نے کہا کہ زیادہ تر صحافی مقامی سطح پر دلال کی شکل میں کام کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’یہ صحافی اچھے مضامین شائع نہیں کرتے اور صرف بھگوان ہی جانتا ہے کہ وہ سماج کو کیا پیغام دینا چاہتے ہیں۔‘‘


وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے مراد آباد ضلع اسپتال کے تجزیہ کے دوران صحافیوں کو ایمرجنسی وارڈ میں بند کرنے کو لے کر بی جے پی رکن اسمبلی سریندر سنگھ نے کہا کہ صحافیوں کو کمرے میں بند نہیں کیا گیا تھا بلکہ ان کو عزت سے بٹھایا گیا تھا۔ دراصل مراد آباد کے ضلع مجسٹریٹ پر الزام ہے کہ جب وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اسپتال کا دورہ کرنے والے تھے تو اس سے ٹھیک پہلے ضلع مجسٹریٹ راکیش کمار سنگھ نے اسپتال میں ایمرجنسی وارڈ میں درجنوں میڈیا اہلکاروں کو بند کروا دیا۔

قابل ذکر ہے کہ سریندر سنگھ اس سے قبل بھی کئی متنازعہ بیان دے چکے ہیں۔ ایک بار انھوں نے کہا تھا کہ طوائفیں سرکاری افسران سے بہتر ہوتی ہیں۔ ایک بار انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بھگوان رام بھی عصمت دری کے واقعات نہیں روک سکتے۔ انھوں نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا بھی موازنہ لنکنی سے کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 02 Jul 2019, 10:10 PM