'بالاسور ٹرین حادثہ الیکٹرانک انٹرلاکنگ میں تبدیلی کی وجہ سے ہوا'، ریلوے کے وزیر نے پہلی بار بیان کی حادثے کی وجہ

ریلوے کے وزیر اشونی وشنو نے ایک بار پھر بالاسور ٹرین حادثہ کے مقام پر جاری مرمتی کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حادثے کی وجہ معلوم کر لی گئی ہے اور اس کے ذمہ دار لوگوں کی بھی شناخت کر لی گئی ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: بالاسور ٹرین حادثے کے بعد ٹریک کو صاف کرنے اور بحال کرنے کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو خود جائے حادثہ پر موجود ہیں اور ٹریک کی بحالی کے لیے کیے جا رہے کام کی نگرانی کر رہے ہیں۔ دریں اثناء وزیر ریلوے نے اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کے ذمہ داروں کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ بدھ کی صبح سے ٹریک پر ٹریفک کی بحالی شروع ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ممتا بنرجی نے جو کہا وہ نہیں، بلکہ حادثے کی وجہ کوئی اور تھی۔ ممتا بنرجی کے الزامات پر وزیر ریلوے نے کہا ’’اس کا کَوچ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ وجہ وہ نہیں جو ممتا بنرجی نے کل کہی تھی۔ کمشنر آف ریلوے سیفٹی نے معاملے کی جانچ کی ہے۔ حادثہ الیکٹرانک انٹر لاکنگ میں تبدیلی کی وجہ سے پیش آیا۔ تحقیقاتی رپورٹ آنے دیں۔ ہم نے واقعے کی وجوہات اور اس کے ذمہ دار لوگوں کی نشاندہی کر لی ہے۔ ابھی ہماری توجہ ٹریک کی بحالی پر ہے۔‘‘


وزیر ریلوے نے کہا کہ یہ ٹریک بدھ کی صبح تک بحال ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں اور ہمارا ہدف بدھ کی صبح تک مرمت کا کام مکمل کرنا ہے تاکہ اس ٹریک پر ٹرینیں چلنا شروع ہو سکیں۔ انہوں نے کہا ’’وزیراعظم کی کل دی گئی ہدایات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ٹریک کا کام کل رات تقریباً مکمل ہو گیا۔ آج ایک ٹریک کی مکمل مرمت کی کوشش کی جائے گی۔ تمام ڈبوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ کام تیزی سے جاری ہے۔ بدھ کی صبح تک معمول کے راستے کو آپریشنل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘‘

وہیں، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان نے کہا ’’یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ جلد سے جلد حالات معمول پر آ جائیں۔ ہندوستانی ریلوے مفت ٹرینیں چلا رہی ہے۔ مرنے والوں کی تعداد 270 سے تجاوز کر گئی ہے۔ وجوہات کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ ہم اس کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کریں گے۔‘‘

خیال رہے کہ اوڈیشہ کے بالاسور میں جمعہ کی شام تین ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم میں اب تک 288 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ ایک ہزار سے زیادہ لوگ زخمی ہو گئے ہیں۔ بچاؤ اور راحت کے کاموں کے بعد ریلوے نے ہفتہ کی رات ہی پٹریوں سے زیادہ تر ملبہ ہٹا لیا ہے اور جلد ہی ٹریک کو شروع کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔