بہرائچ: تنہا بچے 'لنگڑے بھیڑیے' کے حملے میں آئی شدت، دو دن میں کیا تیسرا حملہ

کھیری گھاٹ تھانہ علاقہ کے رائے پور کورین ٹیپرا گاؤں کی رہنے والی پشپا دیوی نامی خاتون کو خونخوار بھیڑیے نے گھر کے برآمدے میں نوچ کر بُری طرح زخمی کر دیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر</p></div>

فائل تصویر

user

قومی آوازبیورو

یوپی کے بہرائچ میں تنہا بچے آدم خور بھیڑیے کی دہشت لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز پانچویں بھیڑیے کے پکڑے جانے کے بعد لوگوں کو خوف سے کچھ نجات ملی تھی لیکن اپنے ساتھیوں کا ساتھ چھوٹ جانے کے بعد چھٹا اور آخری بھیڑیا کافی خطرناک ہو چکا ہے۔ اس لنگڑے بھیڑیے نے پچھلے دو دنوں میں تین لوگوں کو نشانہ بنایا ہے جس میں دو بچیاں اور ایک خاتون شامل ہے۔

بدھ کی دیر رات خونخوار بھیڑیے نے ایک خاتون پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا۔ رشتہ داروں نے بتایا کہ بھیڑیے نے پشپا دیوی (عمر50 سال) پر اس وقت حملہ کیا جب وہ گھر کے اندر برآمدے میں سو رہی تھی۔ خاتون کے چلاّنے کی آواز پر گھر والوں نے دوڑ کر اس کی جان بچائی۔ اس حملے میں خاتون بُری طرح زخمی ہوگئی جس کے بعد اسے سی ایچ سی لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے ضلع اسپتال ریفر کر دیا۔ یہ واقعہ کھیری گھاٹ تھانہ علاقہ کے رائے پور کورین ٹیپرا گاؤں کا بتایا جاتا ہے۔


10 ستمبر کی رات کو بھی جھنڈ کے آخری بچے بھیڑیے نے دو الگ الگ گاؤں میں حملہ کرکے دو بچیوں کو بُری طرح زخمی کر دیا تھا۔ آدم خور نے گدیرن پُروا گاؤں کی 11 سالہ سُمن اور اور کھیری گھاٹ کی 11 سال کی ہی شیوانی کو اپنا نشانہ بنایا۔ سمن کا علاج بہرائچ کے ضلع اسپتال میں چل رہا ہے جبکہ شیوانی سی ایچ سی مہسی میں ایڈمٹ ہے۔

غور طلب رہے کہ محکمہ جنگلات کی ٹیم نے 10 ستمبر کو پانچویں بھیڑیے کو دھر دبوچا تھا۔ اس کے بعد اکیلا بچا بھیڑیا جو لنگڑا ہے، کافی خونخوار ہو گیا۔ پہلے بھی دیکھا گیا ہے کہ ان آدم خوروں کے جھنڈ کا کوئی رکن پکڑا جاتا ہے تو یہ اور بھی زیادہ خطرناک ہو جاتے ہیں اور حملے تیز کر دیتے ہیں۔ اس مرتبہ بھی یہی ہوا جب گزشتہ رات مادہ بھیڑیا کو پکڑا گیا تو اس کے بعد اس آخری بچے بھیڑیے کے حملے میں شدت آگئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔