بادل سکھ مخالف فساد ات سے متعلق بے بنیاد باتیں بند کریں: امریندر

پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اکالی دل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل کو تلقین کی ہے کہ وہ 1984 کے فساد کے سلسلے میں بے بنیاد بیان بازی نہ کریں کیونکہ فسادات کے وقت وہ اچانک غائب ہو گئے تھے۔

کیپٹن امریندر سنگھ کی فائل تصویر
کیپٹن امریندر سنگھ کی فائل تصویر
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے شرومنی اکالی دل کے سربراہ سکھ بیر سنگھ بادل کو تلقین کی ہے کہ وہ 1984 کے فساد کے سلسلے میں بے بنیاد بیان بازی نہ کریں کیونکہ فسادات کے وقت وہ اچانک غائب ہو گئے تھے۔

کیپٹن سنگھ نے آج یہاں کہا کہ بادل فسادات کے لئے گاندھی خاندان کو قصوروار ٹھہرا رہے ہیں جبکہ یہ بالکل غلط ہے ۔ یہ پوری طرح بے بنیاد ہے کیونکہ تشدد کے وقت راجیو گاندھی مغربی بنگال میں انتخابی مہم کر رہے تھے اور راہل گاندھی اسکول میں پڑھتے تھے ۔فساد میں اس خاندان کے کردار کی بات کرنے والوں کو ہوا میں باتیں کرنے کے بجائے زمین پر رہ کر بات کرنی چاہیے۔ بادل کو آئندہ لوک سبھا الیکشن کی فکر ہونے لگی ہے اور اس حساس معاملے پر لوگوں کےجذبات سے کھلواڑ کرکے انہیں ووٹ نہیں ملیں گے اور شرومنی اکالی دل کا حال لوک سبھا الیکشن میں گزشتہ اسمبلی انتخابات کی طرح ہی ہوگا۔

انہوں نے بادل کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہیں راہل نے گاندھی خاندان اور کانگریس پارٹی کا بچاؤ کرنے کے لئے میدان میں نہیں اتارا ہے، گاندھی خاندان کو اپنے بچاؤ میں کسی کو بھی میدان میں اتارنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ فسادات میں ان کے کردار کا کوئی ثبوت ہی نہیں ہے۔ متاثرین میں سے کسی نے بھی اس معاملے میں گاندھی خاندان پر کبھی الزام عائد نہیں کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کانگریس کی قیادت کی حمایت جب تک انہیں ملے گی تب تک وہ وزیراعلیٰ رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔