پی ایم مودی کی فیروزپور ریلی رَد، خراب موسم اور کسانوں کا احتجاج اہم وجہ
وزیر اعظم نریندر مودی کی پنجاب واقع فیروزپور میں ہونے والی ریلی رد ہو گئی ہے، اس کی وجہ خراب موسم کو بتایا گیا ہے، اس کے علاوہ کسانوں کے احتجاج کے سبب بھی اس ریلی کو رد کیا گیا ہے۔
تقریباً دو سال بعد انتخابی موسم میں پنجاب کے دورے پر گئے وزیر اعظم نریندر مودی کو سرحدی ریاست میں موسم اور کسانوں کا سامنا کرنا پڑا۔ نتیجتاً فیروزپور میں ہونے والی ان کی ریلی کو رد کر دیا گیا۔ وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’آج صبح وزیر اعظم کا طیارہ بھٹنڈا میں لینڈ ہوا جہاں سے وزیر اعظم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حسینی والا واقع قومی شہید استھل جانا تھا۔ لیکن بارش اور موسم کی خرابی کے سبب ہیلی کاپٹر پرواز نہیں بھر سکا، کیونکہ وجیبلٹی کافی کم تھی۔‘‘
وزارت داخلہ نے کہا کہ تقریباً 20 منٹ تک انتظار کے بعد طے کیا گیا کہ وزیر اعظم سڑک کے راستے شہید اسمارک جائیں گے۔ اس سفر میں تقریباً دو گھنٹے لگنے والے تھے۔ لیکن راستے میں کسانوں کے احتجاج کے سبب راستہ بند تھا۔ وزارت داخلہ کے مطابق وزیر اعظم کا قافلہ تقریباً 20-15 منٹ تک فلائی اوور پر پھنسا رہا، جس کے بعد انھیں واپس بھٹنڈا ائیرپورٹ لوٹنا پڑا۔ وزیر داخلہ نے اسے وزیر اعظم کی سیکورٹی میں چوک کہا ہے۔
وزارت داخلہ نے اس معاملے میں سخت تیور دکھائے ہیں اور پنجاب حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے دورے کی ساری جانکاری پنجاب حکومت کو بتا دی گئی تھی۔ منصوبہ کے مطابق حکومت کو لاجسٹکس، سیکورٹی اور کنٹیجنسی پلان تیار رکھنا تھا۔ اس کے لیے پنجاب حکومت کو اضافی سیکورٹی فورس تعینات کرنا تھا، جو کہ نہیں کیا گیا۔ وزارت داخلہ نے اس ’چوک‘ کے لیے جوابدہی طے کرنے کو کہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔