شیوراج حکومت نے کی معروف اداکار رضا مراد کی بے عزتی، صفائی مہم کا برانڈ امبیسڈر بنا کر کچھ ہی گھنٹوں میں ہٹا دیا
بھوپال میونسپلٹی کے ذریعہ صفائی مہم 2022 کے لیے برانڈ امبیسڈر بنانے کے بعد رضا مراد نے بھوپال میں کام بھی شروع کر دیا تھا اور وہ جمعرات کو کئی علاقے میں بھی گئے، لیکن اب انھیں ہٹا دیا گیا ہے۔
مدھیہ پردیش میں مشہور و معروف فلم اداکار رضا مراد بی جے پی کی گھٹیا سیاست کا شکار ہو گئے ہیں۔ دراصل جمعرات کو رضا مراد کو بھوپال میں صفائی مہم کا برانڈ امبیسڈر بنایا گیا تھا، جس کے بعد وہ سرگرم بھی ہو گئے تھے۔ حالانکہ وہ یہ ذمہ داری محض کچھ گھنٹے ہی نبھا سکے کیونکہ اس اعلان کے کچھ ہی گھنٹے بعد شیوراج حکومت میں وزیر برائے شہری انتظام بھوپیندر سنگھ نے ان کی تقرری کو منسوخ کر دیا۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں میونسپلٹی نے جمعرات کو رضا مراد کو صفائی سروے 2022 کے لیے برانڈ امبیسڈر بنایا تھا۔ رضا مراد نے بطور برانڈ امبیسڈر بھوپال میں کام بھی شروع کر دیا تھا اور وہ جمعرات کو کئی علاقوں میں بھی گئے تھے۔ انھوں نے لوگوں سے شہر کو اپنے گھر کی طرح صاف اور پالیتھین سے پاک بنانے کی اپیل کی تھی۔
لیکن رضا مراد کو بھوپال کا برانڈ امبیسڈر بنے کچھ ہی گھنٹے ہوئے تھے کہ انھیں ریاست کے شہری ترقی اور رہائش کے وزیر بھوپندر سنگھ نے ایک حکم جاری کر ہٹانے کا فرمان سنا دیا۔ بھوپندر سنگھ کے دفتر سے میونسپل کارپوریشن بھوپال کے کمشنر کو جاری حکم میں کہا گیا ہے کہ فلم اداکار رضا مراد کو برانڈ امبیسڈر بنایا گیا ہے جب کہ برانڈ امبیسڈر ایسے شخص کو بنایا جانا چاہیے جس نے صفائی میں اپنا قابل ذکر تعاون دیا ہو یا بھوپال کی تہذیب و ثقافت سے واقف ہو۔
بھوپیندر سنگھ کی طرف سے بھیجے گئے اس خط میں آگے لکھا گیا ہے کہ میونسپل کارپوریشن کے حکم کو فوراً منسوخ کیا جائے اور کسی ایسے معروف شخص کو برانڈ امبیسڈر بنایا جائے جو بھوپال کی تہذیب و ثقافت سے واقف ہو یا جس نے صفائی کے شعبہ میں اہم تعاون پیش کیا ہو۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔